ہزارہ ریجن میں پبلک لیزان کونسلوں کے عہدیداران و ممبران نے کورونا سے بچائو کی آگاہی مہم کیلئے عملی کام شروع کر دیا

جمعہ 5 جون 2020 22:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) ہزارہ ریجن کے تمام اضلاع میں پبلک لیزان کونسلوں کے عہدیداران و ممبران نے عوام میں کورونا سے بچائوچ کی آگاہی مہم اور لوگوں میں سوشل ڈسٹنسنگ کے قیام کیلئے عملی طور پر کام شروع کر دیا۔ لاک ڈائون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور تمام اضلا ع میں علماء کرام اور تاجر برادری کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔

اس حوالہ سے ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کیلئے پبلک لیزان کونسلوں کے عمل دخل کی اشد ضرورت تھی جس کو فعال کیا گیا اور اس کو فعال کرنے کے بعد مثبت اور خاطر خواہ نتائج موصول ہو رہے ہیں۔ پبلک لیزان کونسلوں کے ممبران نے علاقائی سطح پر تبلیغی جماعت کے امیر صاحبان، علماء کرام، تاجروں اور ٹرانسپورٹوں کے وفود سے ملاقاتیں کیں اور ان کو اس مشکل وقت میں تعاون کی اپیل کی گئی جس پر سب نے آمادگی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کے نہایت شکر گذار ہیں جنہوں نے وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے حکومت پاکستان ، پولیس، انتظامیہ اور دیگر متحرک اداروں کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں اور عوام کا پبلک لیزان کونسلوں کے ساتھ تعاون بھی قابل ستائش ہے، ہزارہ کے عوام باشعور ہیں، سنجیدگی سے کام لے رہے ہیں، اس وقت لوگوں کیلئے بہت سی مشکلات ہیں جن کا ہمیں بخوبی اندازہ ہے لیکن مشکل کے اس وقت میں ثابت قدمی سے کام لیتے ہوئے ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے اور نظر بھی آ رہا ہے کہ سب مل کر اس وباء کے خلاف لڑ رہے ہیں اور ہم انشاء الله سرخرو ہوں گے۔

پبلک لیزان کونسل کے ممبران تمام تر کارروائی اور صورتحال کے بارے میں افسران کو وقتاً فوقتاً آگاہ بھی کرتے رہتے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ عوام میں آگاہی پیدا ہو گئی ہے، حکومتی کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو محدود کریں، اپنے لئے اور اپنے پیاروں کیلئے اس وباء کی احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں