مسجد کی جگہ پر دکانیں تعمیرکرنے پر شہری اور مذہبی حلقے کینٹ بورڈ کے خلاف سراپا احتجاج

منگل 13 نومبر 2018 23:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) مسجد کی جگہ پر دکانیں تعمیرکرنے پر شہری اور مذہبی حلقے کینٹ بورڈ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ مقامی افراد نے ایگزیکٹو آفیسر سے دکانوں کی بجائے فوری طور پر مسجد کی تعمیر کا مطالبہ کر دیا۔ اس ضمن میں جناح آباد ویلفیئر سوسائٹی کے صدر جان محمد بنگش اور دیگر نے صحافیوں کو بتایاکہ جناح آباد مارکیٹ میں کینٹ بورڈ نے کئی سال قبل مسجد کی تعمیر کیلئے جگہ وقف کررکھی تھی تاہم فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مسجد کا تعمیراتی کام شروع نہیں ہو سکا۔

کینٹ بورڈ کی سابق ایگزیکٹو آفیسر ذوفشاں نے مسجد کیلئے وقف اراضی پر دکانیں تعمیر کرنے کی منظوری دی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے کینٹ بورڈ نے دکانوں کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کیا اور ٹھیکیدار نے دکانوں کی تعمیر کیلئے بنیادوں کی کھدائی شروع کر دی جس پر مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کینٹ بورڈ کے موجودہ ایگزیکٹو آفیسر سے مسجد کیلئے وقف جگہ پر دکانوں کی تعمیر فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ جناح آباد مارکیٹ میں مسجد کی سخت ضرورت ہے، دوکانیں تو یہاں پر پہلے بھی بہت سی ہیں، اگر یہاں پر مسجد تعمیر ہو جائے گی تو پھر نہ صرف مقامی دکانداروں بلکہ مقامی لوگوں کو بھی نماز پنجگانہ کی ادائیگی میں آسانی ہو گی۔ دوسری جانب مذہبی حلقوں نے بھی کینٹ بورڈ انتظامیہ سے دکانوں کی تعمیر کا منصوبہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مذکورہ جگہ پر مسجد کی تعمیر نہ کرنے کی صورت احتجاج کی دھمکی دی ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں