کینیڈا صحت کی دیکھ بھال، خواتین کو بااختیار بنانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، کینیڈین ہائی کمشنر

بدھ 24 اپریل 2024 20:23

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) کینیڈین ہائی کمشنر محترمہ لیسلی سکینلون نے کہا ہے کہ کینیڈا صحت کی دیکھ بھال اور ملک کی سماجی ترقی بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان اور کینیڈا میں دوطرفہ تعلقات مستحکم اور بہترین ہیں۔کینڈین خواتین کی پاکستانی گاؤں میں آمد اور خود کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کا یہاں آ نا اور منصوبے شروع کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ کینڈین حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور یہ تعلقات دونوں ممالک کے درمیان خوشحالی کا باعث ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اٹک کی تحصیل حضرو کے گاؤں خورہ خیل میں پاکستانی نژاد بھائیوں پرویز اختر اور عقیل احمد خان کی جانب سے 10کنال اراضی پر قائم کردہ محمد خطاب خان آئی کیئر فری ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ان کی خورہ خیل آمد پر مسز محمد خطاب خان، عقیل خان، پرویز خان اور انکی فیملی نے شاندار استقبال کیا۔

تقریب میں نامور اینکر پرسن سید اقرار الحسن، ممتاز دانشور سید قاسم علی شاہ،ایم ڈی المصطفیٰ ٹرسٹ برطانیہ صدف جاوید، سینئر صحافی نثار علی خان،سابق صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ، ایم پی اے قاضی احمد اکبر، سابق ناظم فورملی زیب عالم خان، ساقی خان، سجاد خان سمیت معززین و اہلیان علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈین حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے اور لڑکیوں کے معاشرے میں اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اور ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی میں صحت کی دیکھ بھال کے مواقع تک ان کی رسائی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنسی مساوات نا صرف بنیادی انسانی حق ہے بلکہ سب کے لیے پائیدار ترقی اور خوشحالی کا محرک بھی ہے، صحت کی دیکھ بھال اور سماجی ترقی کے میدان میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اور کینیڈا کے بچے پاکستان کے لیے پولیو فنڈ کے خاتمے کے لیے پہلے خودمختار عطیہ دہندگان تھے اور یہ تعاون 70 سال سے زیادہ طویل مدتی پرعزم شراکت داری پر محیط ہے۔\378

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں