بہاول پور ڈویژن میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی،

ڈویژن کے اضلاع کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کر کے متعلقہ اداروں کو چوکس کر دیا گیا

جمعہ 5 ستمبر 2014 20:07

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر 2014ء) بہاول پور ڈویژن میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈویژن کے اضلاع کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کر کے متعلقہ اداروں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی وزیرکوآپریٹیو اقبال چنڑ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر)جاوید اکبر، چیف انجینئر انہار محمد خورشید، ڈی سی او بہاول پور عمران سکندر بلوچ، ڈی سی او رحیم یار خاں نبیل جاوید، ڈی سی او بہاول نگر جہانزیب اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ سیلاب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سیلاب کی ہنگامی صورت میں تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے مختلف اقدامات تجویز کئے گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ سیلاب کی صورت میں لوگوں کو ریلیف پہنچانے کے لئے موثر انتظامات کئے جائیں اور حکومت کی ہدایات پر ریجنل و ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے ۔اس سے نمٹنے کے لئے تمام محکمے آپس میں باہمی رابطہ رکھیں اور ایک قومی جذبہ سے کام کرتے ہوئے لوگوں کو ہر ممکن امداد فراہم کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب کے دوران کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے کیونکہ یہ انسانی جانوں کا مسئلہ ہے اور عوام کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر) جاوید اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ فائٹنگ کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو ٹھوس اور مربوط اقدامات کرنا ہوں گے اور چوکس رہ کر اپنی ڈیوٹی سرانجام دینا ہو گی تاکہ کم سے کم نقصان ہو ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں آبادیوں کے انخلا کے لئے مناسب کشتیوں کا انتظام اور ریلیف کیمپ کا بندوبست کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کی ٹیمیں دریائی علاقوں میں جا کر ویکسینیشن مہم شروع کریں۔اجلاس میں چیف انجینئر انہار نے ڈویژن بھر میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈی سی او بہاول پور عمران سکندر بلوچ نے بتایا کہ بہاول پور کو 6سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے اور ضلع بہاول پور میں 19ریلیف کیمپ قائم کئے جائیں گے۔

اسی طرح ایک ضلعی فلڈ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔اضلاع رحیم یار خان اور بہاول نگر کے ڈی سی اوز نے بتایا کہ دونوں اضلاع میں سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آخر میں کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام دریاؤں اور نہروں کے قریب حفاظتی بند اور پشتوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور ان کو مضبوط بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں