بہاولپور، فائرنگ کے تبادلہ میں زیر حراست 2 دہشتگرداپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

ہلاک دہشت گردوں عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کو چھپائے گئے اسلحہ کی نشاندہی کیلئے لے جایا جا رہا تھا جہاں ان کے ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کر دی،گولیاں لگنے سے دونوں زیر حراست دہشت گرد مارے گئے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 10:32

بہاولپور، فائرنگ کے تبادلہ میں زیر حراست 2 دہشتگرداپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
بہاولپور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) بہاولپورمیں کاوٴنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زیرحراست کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کو بہاولپور میں چھپائے گئے اسلحہ کی نشاندہی کیلئے لے جایا جا رہا تھا، جہاں ان کے ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کی۔

گولیاں لگنے سے دونوں زیر حراست دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کو چند دن پہلے حاصل پور سے گرفتار کیا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کے قتل کی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگردوں نے چار رکنی نیٹ ورک تشکیل دے رکھا تھا ۔خیال رہے کہ چند روز قبل بجی سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران پنجاب داخل ہونے والے دو دہشت گرد وںکوفائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا تھا۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا تھا کہ دونوں دہشت گرد خیبرپختونخوا ہ سے پنجاب میں داخل ہورہے تھے جنہیں روکنے کی کوشش گئی تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی تھی۔

محکمہ انسداد دہشت گردی حکام کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گرد حساس تنصیب پر حملے میں ملوث تھے جن سے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ سی ٹی ڈی اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی تو دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی تھی۔ جوابی فائرنگ سے دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سی ٹی ڈی نے ایک کارروائی کے دوران 8دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلاک 8 دہشت گرد کسٹم اہلکاروں پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔سی ٹی ڈی حکام نے یہ بھی بتایا تھا کہ ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور سکیورٹی فورسز پر حملے اورٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جب کہ کسٹم پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک بچی بھی جاں بحق ہوئی تھی۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھاکہ دہشتگرد تخریب کاری کی منصوبہ بندی کیلئے نقل وحرکت کررہے تھے کہ اس دوران دہشتگردوں کے فرار ہونے کے راستے بند کردئیے گئے تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق مقامی آبادی میں دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کا اندیشہ ہے اور سہولت کارروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائی گی۔محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب دہشتگرد جہانزیب بھی شامل ہے جو کسٹم اہلکاروں پر حالیہ حملوں میں ملوث تھا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں