بچوں کو بہترین اورسازگارماحول فراہم کرنا اولین فرائض میں شامل ہے،عمرانہ اجمل

ہفتہ 3 جنوری 2015 21:36

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر بہاول پور عمرانہ اجمل نے کہا ہے کہ بچوں کو بہترین اورسازگارماحول فراہم کرنا ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے تاکہ یہ بچے پروان چڑھ کر اپنی سماجی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کر سکیں۔وہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو یونیسیف اور ضلعی حکومت کے باہمی اشتراک سے بچوں کے حقوق کے بارے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عبد الحمید رحمانی، ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر آصف رحیم چنڑ، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد، ممتاز دانشور ملک حبیب اللہ بھٹہ، شہیر حسن رضوی اور معروف صنعتکار ڈاکٹر رانا محمد طارق نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مسز عمرانہ اجمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب، نادار اور بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال کر کے ہم دین و دنیا میں سرخرو ہو سکتے ہیں اور یہ ایک بہت بڑی نیکی ہے جس کا اجر صرف اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت ان بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی نے کہا کہ آج کے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہمارا قیمتی ترین اثاثہ ہیں۔ ان کی مناسب تربیت کر کے ہم انہیں ذمہ دار شہری بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے ٹیلنٹ کے اعتبار سے کسی طور پر بھی کم نہیں۔اگر ہمارا معاشرہ اجتماعی طور پر ان بچوں کی نگہداشت کا فریضہ سرانجام دے تو یہ سب سے بڑا فلاحی کام ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو مسز نوشابہ ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ادارہ معاشرے کے دھتکارے ہوئے لاوارث ، لاپتہ، گمشدہ اور خاندانی لڑائی جھگڑوں کا شکار بچوں کی کفالت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی طرف سے ان بچوں کو مفت رہائش، خوراک اور سہولت کے ساتھ ساتھ اخلاقی و مذہبی اقدار سے بھی روشناس کرایا جاتا ہے۔ پروگرام میں پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کی طرف سے تیار کردہ ٹیبلوز، خاکے اور ملی نغمے پیش کئے گئے ۔تقریب میں کانونٹ سکول کی طالبہ مریم اہ نے سانحہ پشاور میں جانبحق ہونے والے بچوں کے بارے میں تقریر کی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں