ڈپٹی کمشنر بہاول پور محمد ایوب خان کا شہر کے حساس قرار پولنگ اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ

تمام حساس پولنگ اسٹیشنز میں جلد ازجلد کلوز سرکٹ سکیورٹی کیمرے لگانے کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:03

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء)ڈپٹی کمشنر بہاول پور محمد ایوب خان نے شہر کے حساس قرار دیئے جانے والے پولنگ اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر عظیم ذیشان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے تمام حساس پولنگ اسٹیشنز میں جلد ازجلد کلوز سرکٹ سکیورٹی کیمرے لگانے کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ماڈل ٹائون اے اور گورنمنٹ شاہدرہ گرلز ہائی سکول میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تمام پولنگ انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام حساس پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ کلوز سرکٹ کیمروں سے کی جائے گی جو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم میں حساس پولنگ اسٹیشن کی مانیٹرنگ کی نگرانی خود کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں پولنگ اسٹیشنز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مکمل کر لیا گیا ہے۔اس موقع پر سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر کے 68پولنگ اسٹیشنوں میں کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ان کیمروں کے ذریعہ لمحہ بہ لمحہ ریکارڈنگ کو محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر آٹھ آٹھ کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کیٹگری اے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز میں فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں