بہاول پور:ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور اور بہاول وکٹوریہ ہسپتال کی انتظامیہ کے اشتراک سے ایڈز کی آگاہی کے حوالے سے ایک واک کا اہتمام

جمعرات 23 مئی 2019 21:48

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور اور بہاول وکٹوریہ ہسپتال کی انتظامیہ کے اشتراک سے ایڈز کی آگاہی کے حوالے سے ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔ آگاہی واک کی قیادت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی وی ایچ ڈاکٹر عزیز الرحمن اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فرحت عباس کر رہے تھے۔ آگاہی واک میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پریوینٹیو پرگرامز ڈاکٹر ذاکر علی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریوینٹیو ڈاکٹر فیصل وحید، ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر ذوالقرنین جتوئی، بی وی ایچ ہسپتال کی انتظامیہ، نرسز، لیڈی ہیلتھ ورکرزاور سپروائزرز شریک تھے۔

آگاہی واک کا انعقاد شعبہ بیرونی مریضاں آئوٹ ڈور سے لے کر شعبہ ایمرجنسی تک کیا گیا۔

(جاری ہے)

آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹر عزیز نے کہا کہ ایڈز کا مرض خون کے ذریعے ایک فرد سے دوسرے فرد تک منتقل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکے لگانے کے لئے ہمیشہ ڈسپوزیبل سرنج کا استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حجام سے شیو کراتے وقت بھی ہمیشہ اپنا ذاتی علیحدہ شیونگ ریزر استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دیتے وقت خون دینے والے کی بلڈ سکریننگ کروا کر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خون میں ایڈز کے جرثومے موجود نہیں اور خون ایڈز کا ٹیسٹ نیگیٹیو ہے۔ اس موقع پر سی ای او ڈی ایچ اے بہاول پور نے بتایا کہ اعداد وشمار کے مطابق ضلع بھر میں 8مریض ایڈز سے متاثرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایڈز کی احتیاطی تدابیر میں ایڈز کے مریض کا صرف اور صرف اپنے جیون ساتھی تک محدود رہنا شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ایک ناقابل علاج مرض ہے لیکن احتیاطی تدابیر کی بدولت اس مرض سے بچنا بہت سہل ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں