انسدادپولیوکی سہ روزہ قومی مہم 14مارچ سے شروع ہوگی

ہفتہ 5 مارچ 2016 19:21

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مارچ۔2016ء)انسدادپولیوکی سہ روزہ قومی مہم 14مارچ سے شروع ہوگی ۔اس دوران ضلع بھر کے 5لاکھ87 ہزار سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یہ بات آج یہاں ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جسکی صدرات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر مسز عمرانہ اجمل نے کی۔

اس موقع پر کوآرڈی نیٹر پولیو مہم ڈاکٹر راؤ ذاکر نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر منیر جھنڈیر،اسسٹنٹ کمشنر یزمان راؤ شکیل، ڈی ایس پی راؤ محمد قاسم، ای ڈی او زراعت چوہدری محمد تنویر ،ملک اعجاز چنڑ،ڈاکٹر شاہد اقبال بیگ، ڈی او بہبود آبادی سید ذیشان عارف،نمائندہ تاجران محمد علیم اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عمرانہ اجمل نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ پولیو سے بچاؤ کی قومی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ایک بچہ بھی پولیو کی خوراک سے محروم نہ رہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کو صاف وشفاف اور کامیاب بنانے کے لئے مانیٹرنگ کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل اور فکسڈ ٹیموں کے ارکان کی باقاعدہ ٹریننگ کی جائے۔

کوآرڈینیٹر پولیو مہم ڈاکٹر راؤ محمد ذاکر نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیو مہم کے دوران 1032موبائل ٹیمیں، مراکز صحت میں 147فکسڈ ٹیمیں، جنرل بس سٹینڈ،ریلوے اسٹیشن، ٹول پلازہ میں 106اور بازاروں میں 15ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیوویکسین پلائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران 237ایریا انچارج، 108یونین کونسل میڈیکل آفیسرز اور6تحصیل سپروائزر اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ڈاکٹر ذاکر نے کہا کہ 17اور18مارچ کو ایسے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جو قومی مہم کے دوران کسی وجہ سے رہ گئے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کے گھروں پر نہ پہنچنے کی صورت میں ٹال فری نمبر0800-12012پر رابطہ کیا جائے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں