پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ،فوزیہ ایوب قریشی

یوم تکبیر ہماری تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے،ممبر صوبائی اسمبلی

ہفتہ 28 مئی 2016 21:05

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مئی۔2016ء) ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور28 مئی یوم تکبیر ہماری تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے۔ اس کے بارے میں نئی نسل بالخصوص نوجوانوں کو میڈیا کے ذریعے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔وہ اپنی رہائش گاہ پر یوم تکبیر کی 18ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کررہی تھیں۔

اس موقع پر یوم تکبیر اور وزیر اعظم نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔فوزیہ ایوب قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت کا شاندار کارنامہ پاک چین راہداری ہے جس کا سہرا میاں نواز شریف کے سر ہے۔ ان کی مثبت پالیسیوں سے پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہورہا ہے اور دشمن کے ارادے کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب سے کوثر پروین، سراج بی بی، انیلہ، غزالہ ندیم، حمیر ا بی بی اور صفیہ سلیمان نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں28 مئی کا دن انتہائی اہم ہے جب پاکستان 7ویں ایٹمی قوت بنا اور عالم اسلام کے پہلے ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ میاں نواز شریف کی جرأت مندی کو دنیا نے لالچ کے ذریعے للکارا لیکن ان کا عزم پسپا نہیں ہوا۔ مسلم لیگ(ن) پاکستان کے آہنی دفاع کی علامت ہے اور ہم یوم تکبیر کے موقع پر وطن سے محبت کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ تقریب میں یوم تکبیر کے سلسلے میں کیک کاٹا گیا اور وزیر اعظم پاکستان کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں