حکومت تعلیم کی شرح میں اضافہ اور کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے موثر انداز میں کام کررہی ہے ،انجینئر بلیغ الرحمن

نوجوان تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکیں،وزیر مملکت

جمعرات 29 ستمبر 2016 20:08

بہاول پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئربلیغ الرحمن نے کہاہے کہ حکومت تعلیم کی شرح میں اضافہ اور کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے موثر انداز میں کام کررہی ہے تاکہ تما م نوجوان تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ وہ اپنے کیمپ آفس میں وزارتِ تعلیم اور چلڈرن نیٹ ورک پاکستان کے اشتراک سے ”پروان پراجیکٹ“ کے تحت تربیت مکمل کرنے والوں میں بچوں کے کھلونے، کتب اور تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے مختلف سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر جنرل منیجر عابد حسین، میاں شاہد اقبال، ضلعی کوآرڈی نیٹر چلڈرن گلوبل نیٹ ورک شہیر حسن رضوی، محکمہ تعلیم کے افسران اور سیاسی و سماجی رہنما موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت تعلیم اور چلڈرن گلوبل نیٹ ورک پاکستان کے باہمی اشتراک سے بہاول پور ضلع میں چھوٹے بچوں کو تعلیم کی طرف مائل کرنے اور انہیں جدید طریقہ تعلیم اور ایجوکیشنل ماڈلزکی مدد سے سکول میں پڑھنے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے اور اس پراجیکٹ کا ملک کے مختلف اضلاع میں اجراء کیا گیا ہے۔

انہوں نے تعلیم کے شعبہ میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ حاصل کی گئی تربیت اور تعلیم کے حوالہ سے دی جانے والی مختلف اشیاء کی کٹس سے بھرپور استفادہ کریں گے۔چلڈرن گلوبل نیٹ ورک کے ضلعی کوآرڈی نیٹر شہیر حسن رضوی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بہاول پور اور اس کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ڈیڑھ ماہ کی ٹریننگ دے کر ان کے علاقوں میں تعلیمی سنٹر ز قائم کیے گئے ہیں اور اب تک ضلع بہاول پور میں17سے زائد سنٹر قائم کیے جا چکے ہیں جو کہ کامیابی سے کام کررہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت بچوں کو سکول میں داخلہ سے قبل تیار کرنا ہے تاکہ وہ حصول تعلیم میں دلچسپی لیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے بچوں کے والدین اور علاقوں کے مکینوں نے مسرت و اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں