ادیب ،محقق اور شاعرعالمی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ،وائس چانسلریونیورسٹی آف ساہیوال

اتوار 13 جنوری 2019 18:10

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2019ء) یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل نے کہا ہے کہ ادیب ،محقق اور شاعر معاشرے کا مثبت چہرہ ہیں جو پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ادیب اور ادبی شخصیات کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ معاشرے میں رواداری،محبت اور بھائی چارے کو فروغ ملے ۔

انہوں نے یہ بات ضلع کونسل ہال میں جاپان کے اعلیٰ اعزاز " آرڈر آف دی رائزنگ سن " ایوارڈ یافتہ معروف محقق ڈاکٹر محمد امین کے اعزاز میں ہونیوالی تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں یونیورسٹی آف ساہیوال کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی سربراہ ڈاکٹر شہیرہ امین ،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق ،پروفیسر آصف تنویر ،پروفیسر ریاض حسین زیدی ،پروفیسر اکبر شاہ ،پروفیسر افتخار شفیع اور پروفیسر رانی آکاش سمیت ،دوستوں ،اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی تعلقات کے فروغ میں شاعر ،ادیب اور محقق اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہ غیر روائتی سفارت کاری کا اہم ذریعہ ہیں۔ ڈاکٹر محمد امین نے پہلی جاپانی اردو ڈکشنری مرتب کر کے اور ہائیکو شاعری کی صنعت متعارف کروا کر جاپانیوں میں پاکستان کے حوالے سے جو سافٹ امیج پیدا کیا ہے وہ روائتی سفارتکاری سے بھی ممکن نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی روح کی آبیاری کیلئے تعلیم ،ادب اور فنون لطیفہ کے دوسرے ذرائع اہم کردار ادا کرتے ہیں ،جنہیں فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش جاری رہنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ زندہ معاشرے تخلیقی شخصیات کو ہمیشہ احترام اور عزت دیتے ہیں تا کہ وہ اپنی جستجو کو مزید بڑھائیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔اس لیے ہمیں چاہیے کہ اپنے ادیبوں اور شاعروں کو ان کا صحیح مقام دیں ۔تقریب سے ڈاکٹر محمد امین کے ہم عصر اساتذہ اور دوستوں نے بھی خطاب کیا اوران کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے جاپان کا اعلیٰ اعزاز ملنے اور لاتعداد کتابیں تخلیق کرنے پر ڈاکٹر محمد امین کی خدمات کو سراہا اور اسے ساہیوال کی مردم خیز دھرتی میں ایک اضافہ قرار دیا ۔تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امین نے ساہیوال شہر سے جڑی اپنی یادیں تازہ کیں اور کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات دہائیوں پرانے ہیں اور انہیں مزید وسعت دینے کیلئے سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مزید کام کی اشد ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں دو ملکوں کے درمیان تعلقات میں ادبی شخصیات کا بھی اہم کردار ہے اور ہمیں چاہیے کہ سفارت کاری میں اپنے تخلیقی افراد سے بھی بھرپور معاونت حاصل کی جائے ۔تقریب کے آخر میں یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد افضل ناصر نے پروفیسر محمد امین کو اہلیان ساہیوال کی طرف سے خصوصی شیلڈ دی ۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں