کمشنر ساہیوال ڈویژن کی زیر صدارت کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس، متوقع سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ

منگل 16 اگست 2022 16:31

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں دریائے راوی میں متوقع سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد خضر افضال چوہدری اوراوکاڑہ زاہد پرویز وڑائچ سمیت محکمہ اریگیشن اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا کہ تمام محکمے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تیاریاں مکمل رکھیں اور سیلاب سے ممکنہ متاثرہ دیہات کے عوام کو خطرے سے آگہی کیلئے اعلانات فوری کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ریونیو سٹاف کو اپنے اپنے علاقہ میں بجھوایا جائے اور تمام دیہات کے نمبرداروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے کیمپس میں ضروری ادویات اور طبی عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور محکمہ لائیوسٹاک جانوروں کے لئے وافر ویکسین بھی فیلڈ کیمپس میں پہنچا دیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت جانوروں کیلئے ونڈا اور چارے کا بھی بندوبست کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلا گذر جانے تک تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں اور سٹاف فیلڈ میں موجود رہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 20ریلیف کیمپ قائم کئے جا رہے رہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیم فلڈ کی صورت میں 10دیہات اور 25 ہزار آبادی متاثر ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ زاہد پرویز وڑائچ نے بتایا کہ اوکاڑہ میں میڈیم فلڈ کی صورت میں 6 دیہات متاثر ہونگے اور ضلع اوکاڑہ میں بھی 7ریلیف کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے نمنٹنے کیلئے گوگیرہ پر بیس کیمپ بنایا گیا ہے۔ چیف انجینئراریگیشن رانا افضل نسیم نے بتایا کہ جسڑ کے مقام پر اس وقت 40ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گذر رہا ہے جبکہ دریائے راوی میں بلوکی پر 55ہزار کیوسک تک سیلابی ریلا گذرنے کا امکان ہے۔\378

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں