ڈیرہ اسماعیل خان، صاف و سرسبز پاکستان مہم کے تحت ضلع بھر میں 35لاکھ پودے لگائے جائیں گے

اتوار 23 فروری 2020 16:35

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2020ء) صاف اور سرسبز پاکستان مہم کے تحت ضلع بھر میں 35لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ یہ بات آج کمشنر ڈیرہ کوسرکٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب کے دوران بتائی گئی۔ سر سبز و شاداب مہم کے سلسلے میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ واحد محمود کے علاوہ مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے پودے لگا کر مہم میں عملی حصہ لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت نے کہا کہ پودے لگانا اور انکی حفاظت ہر شہری کا فرض ہے تاکہ آنے والی نسلیں ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف قومی بلکہ مذہبی فریضہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

درختوں بالخصوص سبز درختوں کے بارے میں مختلف احادیث منقول ہیںلہذا قومی اور مذہبی جذبے سے سرشار ہو کر اس شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ صاف اور سرسبز پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر سلمان خان نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ضلع بھر میں 35لاکھ پودے لگانے کے ہدف کا تعین کیا گیا ہے جس میں سے اب تک20لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیںجبکہ اپریل کے مہینے تک باقی ماندہ پودے بھی لگا لیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو شجرکاری یا مختلف انواع کے پودوں سے متعلق کسی قسم کی بھی معلومات حاصل کرنی ہوں تو محکمہ جنگلات کے ٹیلیفون نمبر09669280181پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ جہاں ایک طرف پودے ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں وہیں پودے لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درخت ہمیں سایہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کا سب سے اہم ذریعہ ہیں لہذا ہر شہری کو چاہیے کہ رواں شجر کاری مہم کے دوران اپنا کردار ادا کرے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں