پسند کی شادی کرنیوالی نو بیا ہتا دلہن انتقال کر گئی

پیر 22 اپریل 2019 17:21

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی ، نوبیاہتاجوڑے کو خوشیاں راس نہ آئی،سسرال میں نو بیاہتا دلہن اچانک چل بسی ،پنجاب کے علاقہ کروڑ لعل عیسن سے محبت کو پانے کے لئے گھر سے بھاگ کر ڈیرہ آنے والی بیس سالہ لڑکی سسرال میں اچانک چل بسی ،لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔

مقامی ذرائع کے مطابق پنجاب کے علاقہ کروڑ لعل عیسن کی رہائشی بیس سالہ لڑکی نے موبائل فون پر نوجوان کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرلیے لیکن والدین کو علم ہونے پر انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا ، والدین نے اسے نوجوان کے ساتھ تعلقات ختم کرنے اور موبائل فون پر باتیں کرنے سے منع کیا ۔ تاہم لڑکی کے باز نہ آنے پر اس کے والدین نے اس پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا کر قتل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کسی طرح جان بچا کر وہاں سے پنجاب کے علاقہ تونسہ شریف جاپہنچی جہاں پر وہ نوجوان کے ساتھ رابطہ کرکے اس کے پاس پہنچ گئی ۔

(جاری ہے)

نوجوان کے والدین نے لڑکی کا باقاعدہ اس کے والدین سے رشتہ مانگا لیکن انہوں نے اپنی بیٹی کے بدلے دو لڑکیوں کے رشتے مانگ لیے ۔معاملات طے نہ ہونے اور لڑکی کے واپس جانے سے انکار پر دونوں نے کورٹ میرج کرلی لیکن انہیںیہ خوشیاں راس نہ آئیں ۔ لڑکی کی سسرال میں اچانک طبعیت بگڑنے نے اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی اور راستے میں ہی دم توڑ گئی ۔ڈاکٹرز کے مطابق لڑکی کا بلڈ پریشر ہائی ہونے اور برین ہیمرج کے باعث اس کی موت واقع ہوئی ہے تاہم اس کے سسرالیوں نے لڑکی کے والدین کی تسلی کے لئے اس کا مکمل پوسٹمارٹم کرایا اور قانونی کاروائی مکمل ہونے پر لاش ان کے حوالے کردی گئی ہے ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں