ڈیرہ ضلع بھر میں موجود بینکوں کے لنک ڈاؤن اور سسٹم کی خرابی، سرکاری ملازمین، بزرگ پینشنرز سمیت صارفین رل گئے

ہفتہ 25 مئی 2019 15:58

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) ڈیرہ ضلع بھر میں موجود بینکوں کے لنک ڈاؤن اور سسٹم کی خرابی، سرکاری ملازمین، بزرگ پینشنرز سمیت صارفین رل گئے،سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین سمیت عام شہری مایوسی کی تصویر بن کر رہ گئے، شہریوں نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ ضلع بھر کے اکثرو بیشتر بنکوں کے لنک ڈاؤن اور سسٹم میں خرابی کی وجہ سے ہر ماہ کے آغاز پر سرکاری اداروں کے ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کوپنشن کے حصول کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،جس کی وجہ سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین پنشن کے حصول کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھاتے دکھائی دیتے ہیں۔

بینکوں کی مین برانچوں سمیت مضافاتی علاقوں میں قائم برانچوں میں کمپیوٹر سسٹم فیل ہونے سے چیک کیش کروانا، اے ٹی ایم کارڈ کا استعمال کرناسرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لئے مشکل ہوجاتا ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لنک ڈاؤن ہونے کے باعث انہیں گھنٹوں انتظار کی زحمت اٹھانا پڑ تی ہے۔

(جاری ہے)

شدید گرمی کے موسم میں پنشنرز اور سرکاری ملازمین دھوپ میں بنک کے باہر آکر طویل دورانیے تک خوار ہوتے ہیں۔

وقت کے ضیاع سے سرکاری کام کاج بھی متاثر ہوتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خواتین و بزرگوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کئے جائیں جس سے خواتین اور بزرگوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔شہریوں نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ ڈیرہ ضلع بھر کے بنکوں کے سسٹم کو اپ گریٹ کرنے کے احکامات جاری کریں اور بنکوں میں سرکاری ملازمین، خواتین، پینشنرز بزرگوں کے لئے الگ الگ کاؤنٹر بنائے جائیں تاکہ پنشن کے حصول اور سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی وصولی میں آسانی ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں