محکمہ زراعت کی زر عی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی پر نظر رکھنے اور جعلی زرعی ادویات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) محکمہ زراعت نے تمام پیسٹی سائیڈز انسپکٹرز کوزر عی ادویات و کھادوں کی کوالٹی پر نظر رکھنے سمیت جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف فوری سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے تاکہ جعلی زرعی ادویات اور ناقص و غیر معیاری کھادوں کے استعمال سے فصلات کی تباہی اور کاشتکاروں کی جیبوں پر پڑنے والے ڈاکوں کو روکا جاسکے۔

محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ زرعی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی فصلوں کی پیداوار پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے لہٰذاپنجاب حکومت زرعی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی پر مکمل توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے کیونکہ جعلی زرعی ادویات اور کھادوں کی وجہ سے ہر سال کاشتکاروں کا کثیر زرمبادلہ ضائع ہوجاتا ہے جوکہ بہت بڑا ملکی نقصان ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کھادوں اور زرعی ادویات کی کوالٹی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گالہٰذا انسپکٹرمحکمہ زراعت کے افسران کے ساتھ زرعی ادویات کی کمپنیوں اور ڈیلروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی ترجیحات کو سمجھیں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ اور جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والے عناصر کا قلع قمع کرنے میں محکمہ زراعت کے افسران سے تعاون کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ کاشتکاروں کو اچھی پیداوار کے حصول میں مسائل اور رکاوٹیں برداشت کرنا پڑتی ہیں جن میں قدرتی آفات ، سیلاب ،بے وقت بارشیں ، کیڑوں اور بیماریوں کا حملہ ، درجہ حرات کی کمی بیشی جیسے مسائل قابل ذکر ہیں۔انہوںنے کہاکہ قدرتی آفات کا مقابلہ بہترمنصوبہ سے کیا جاسکتا ہے جس کے لیے حکومت ہر قسم کے وسائل کاشتکاروں پر نچھاور کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کے زرعی پیکیج کے تحت کھاد، بیج ، زرعی ادویات، مشینری اور دیگر زرعی مداخل کا شتکاروں کو ارزاں نرخوں پر فراہم کئے جائیں گے اور زرعی قرضوں کی فراہمی کو بھی آسان بنایا جائیگا جس سے فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ یقینی ہوگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں