معاشی میدان میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے، صدر فیصل آباد چیمبر

ہفتہ 18 اگست 2018 23:40

معاشی میدان میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے، صدر فیصل آباد چیمبر
فیصل آباد ۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے معاشی میدان میں فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متوقع وزیر خزانہ اسد عمر پر زور دیا ہے کہ ان کی اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہونا چاہیے اور اس مقصد کیلئے ایسے اقدامات اٹھانا ہوں گے جن کے ذریعے پاکستانی برآمدات کی پیداواری لاگت کو بھی کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت طویل عرصہ سے بحرانوں کا شکار ہے جبکہ اس کے محرکات صرف معاشی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی سطح پر بعض قوتیں اپنے سیاسی مقاصد کیلئے پاکستان پر معاشی دبائو بڑھا رہی ہیں جن سے نمٹنے کیلئے ایک جامع، کثیر المقاصد اور طویل المعیاد معاشی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متوقع وزیر خزانہ منجھے ہوئے ماہر اقتصادیات ہیں اس لئے انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا سلسلہ شروع کریں اور ان کی سفارشات پرعمل کرنے کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں پر مشتمل ایک مکمل طور پر بااختیار اعلیٰ سطحی بین الاوزارتی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

اس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے ایسا جامع نظام وضع کیا جائے جس کے تحت تمام وزارتیں مکمل ہم آہنگی سے کام کریں اور انہیں متعلقہ سفارشات کو زیادہ سے زیادہ ایک ماہ کے اندر اندر حل کرنے کا ٹارگٹ دیا جائے تاکہ پاکستان تحریک انصاف کے پہلے سو دنوں کے اندر اندر ہی معیشت کو تنزلی سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر خزانہ کو فیصل آباد کی تاجر اور صنعتکار برادری کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلہ میں پی ٹی آئی کے سرگرم راہنما اور صنعتکار ظفر اقبال سرور کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں