تاندلیانوالہ میں خاتون کو غیرت کے نام پر زندہ دفنا دینے کا مبینہ انکشاف

ذرائع کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر کفن اور جنازہ بھی نصیب نہ ہو سکا تسلیم بی بی نے اپنی مرضی سے گاؤں کے لڑکے بابر حیات سے شادی کی تھی، جس کا اُس کے گھر والوں کو رنج تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 اکتوبر 2019 16:33

تاندلیانوالہ میں خاتون کو غیرت کے نام پر زندہ دفنا دینے کا مبینہ انکشاف
تاندلیانوالہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 اکتوبر2019ء ، نمائندہ خصوصی، سید مصعب غزنوی) تاندلیانوالہ میں خاتون کو غیرت کے نام پر زندہ دفن کر دینے کا مبینہ انکشاف سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تاندلیانوالہ میں خاتون کو غیرت کے نام پر مبینہ طور پر ایسے قتل کیا گیا کہ اسے نہ تو کفن نصیب ہوا اور نہ ہی اس کا جنازہ پڑھا گیا۔ تھانہ باہلک کے علاقہ چک نمبر 608 گ ب میں باپ نے اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر بیٹی کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چک نمبر 608گ ب کی رہائشی تسلیم بی بی نے اپنی مرضی سے اپنے ہی گاؤں کے لڑکے بابر حیات سے شادی کر لی تھی اور پھر دونوں جان کے خوف سے راولپنڈی چلے گئے تھے۔کچھ دن پہلے لڑکی کے گھر والے عبدالعزیز، خان بہادر، خرم وغیرہ صلح و صفائی کے بہانے لڑکی کو اپنے ساتھ واپس اپنے گھر لے آئے تھے۔

(جاری ہے)

گھر آ کے باپ اور بیٹوں نے باہم صلاح مشورہ کے ساتھ رات کے اندھیرے میں مبینہ طور پر تسلیم بی بی کو قتل کر دیا اور لاش کو بغیر کفن و جنازہ کے گاوٴں کے مقامی قبرستان میں گڑھا کھود کر دفنا دیا۔

خفیہ اطلاع پر مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص خان بہادر کو گرفتار کر لیا اور قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ خاتون کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس نے علاقہ مجسٹریٹ تاندلیانوالہ کو قبر کشائی کی درخواست دے دی ہے۔ خاتون کی قبر پر پولیس کا پہرہ بھی لگا دیا گیا ہے۔نمائندہ اُردو پوائنٹ کی جانب سے مقدمے کی ایف آئی آر کا عکس بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں