جشن آزادی کی خوشیوں میں دکھی انسانیت کو بھی یاد رکھا جائے، کمشنر

منگل 14 اگست 2018 22:28

فیصل آباد۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) جشن آزادی اورخوشیوں کے دیگر تہواروں کے موقع پر دکھی انسانیت کو بھی یاد رکھا جائے اور خصوصی طور پر بیماریوں اور دیگر تکالیف میں مبتلا شہریوں کی دلجوئی کرکے انہیں وطن کی آزادی کی خوشیوں میں شریک کریں۔یہ بات ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے یوم آزادی کے موقع پر الائیڈ ہسپتال کا دورہ کرکے میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کے زیراہتمام مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے کہی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف،ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر اکرم چیمہ،ڈاکٹر فہیم،میڈیکل سوشل ویلفیرء آفیسرز عنبرین اقبال،ثناء اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے انہیں یوم آزادی کی مبارکباد دی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر دکھی انسانیت کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور آزادی کی خوشیاں مریضوں کے ساتھ مناکر مسرت محسوس ہورہی ہے۔

انہوں ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت مند ہو کر اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ خوشیاں مناسکیں۔انہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے ہسپتال کے تمام وارڈز و دیگر شعبوں کو قومی پرچم کی جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے سجانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ تزئین و آرائش جذبہ حب الوطنی کے اظہار اور مریضوں و ان کے لواحقین کو آزادی کی اہمیت سے آگاہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے مریضوں کے علاج معالجہ اور ان کی دیکھ بھال کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں