پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالہ کیلئے محکمانہ آڈٹ کیا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر مختلف محکموں سے متعلق موصولہ شہریوں کی شکایات کے ازالہ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے محکمانہ آڈٹ کریں گے لہذا متعلقہ محکمے اپنے کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں بصورت دیگر عدم توجہی یا سست روی کے حامل محکموں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔

انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں مختلف محکموں و اداروں کے ضلعی افسران و سربراہوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز عاصمہ اعجاز چیمہ ‘ میاں آفتاب احمد ‘ عفیفہ شاجیہ ‘ اسسٹنٹ کمشنرز نازیہ موہل ‘ زوہا شاکر ‘ فیصل سلطان ‘ عمردراز گوندل ‘ خرم شہزاد بھٹی‘ ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری ‘ سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان ‘ ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر ضیاء الله ناگرہ و دیگر افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے وزیراعظم پاکستان سیٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کی نوعیت اور ان کے حل کے لئے محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے زیر التواء شکایات کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں فرضی یا جعلی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی لہذا ذمہ دار آفیسر کی زیر نگرانی شکایات کا حقیقی ازالہ ہونا چاہئے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اب تک وزیر اعظم پاکستان سیٹیزن پورٹل پر اس ضلع کے مختلف محکموں سے متعلق 26 ہزار 241 شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے جبکہ بقیہ پر محکمانہ کارروائی جاری ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکموں کے افسران پاکستان سیٹیزن پورٹل سسٹم کا بخوبی ادراک کرتے ہوئے موصولہ شکایات کا خود آڈٹ کرکے حل کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اس ضمن میں کسی قسم کی غلط بیانی سے کام نہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ کا مسئلہ حل کرکے اس کا مختصر وڈیو پیغام ریکارڈ کرکے اپ لوڈ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کی درجہ بندی کے مطابق عدالتوں میں زیر سماعت ‘ خاندانوں کے ذاتی تنازعات ‘ سیاسی مخالفت ‘ تضحیک آفیسر یا قومی سلامتی کے خلاف شکایات کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر موصولہ شکایات کے بلاتاخیر ازالہ کے لئے ضلع فیصل آباد کو کارکردگی کے لحاظ سے ٹاپ ٹین میں لایا جائے گا ۔ لہذا عوامی ریلیف کی تیز رفتار فراہمی میں محکمانہ کوششوں کو مزید تیز کیا جائے ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر کے باہر میز کرسی لگا کر عوامی شکایات و مسائل سنے اور شہریوں کی درخواستیں وصول کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کومسائل کے حل کے لئے احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر شہریوں نے صفائی ستھرائی ‘ محکمہ مال ‘ تجاوزات کے خاتمے اور سیوریج کی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر نوعیت کی شکایات پیش کیں ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں