فیصل آباد، ایف ڈی اے کی مختلف علاقوں میں کمرشل بنیادوں پر چلنے والے غیر قانونی چار واٹر فلٹریشن پلانٹس کے خلاف کارروائی ،سیل کردیا گیا

بدھ 13 نومبر 2019 00:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2019ء) ایف ڈی اے کی ٹیم نے مختلف علاقوں میں کمرشل بنیادوں پر چلنے والے غیر قانونی چار واٹر فلٹریشن پلانٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر سیل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات اور حکومتی ہدایات کے مطابق ایف ڈی اے کے زیر اہتمام خلاف ضابطہ اور غیر قانونی چلنے والے کمرشل واٹر فلٹریشن پلانٹ کے خلاف مہم جاری ہے ۔

اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر انسپکشن محمد سانول ملک ‘ اسسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ ‘ سب انجینئر محمد آصف اور انفورسمنٹ انسپکٹرز پر مشتمل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ناظم آباد ‘رحمانیہ روڈ اور لیاقت ٹائون میں غیر قانونی چلنے والے کمرشل واٹر فلٹریشن پلانٹس کو سربمہر کر دیا جن میں اے اے واٹر فلٹریشن پلانٹ ‘ شفاف پانی پلانٹ ‘ الحرم واٹر فلٹریشن پلانٹ اور پنجاب پیور فلٹریشن پلانٹ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے کی طرف اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو نجی سطح پر پینے کے معیار ی ‘ صاف ستھرے اور تصدیق شدہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ یاد رہے کہ واسا کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں کا سروے کرکے کمرشل بنیادوں پر چلنے والے اڑھائی سو واٹر فلٹریشن پلانٹس کی نشاندہی کی گئی تھی جن میں سے غیر رجسٹرڈ واٹر فلٹریشن پلانٹ کو قواعد وضوابط اور شرائط پوری کرنے کی پابندی کا حکم دیا گیا تھا جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر عملدرآمد کرنے سے متعلق ایف ڈی اے کی گورننگ باڈی نے باقاعدہ منظوری دی ہے تاکہ غیر قانونی واٹر فلٹریشن پلانٹس کو قانون اور شرائط کے دائرے میں لایا جا سکے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں