85دیں پر ی سروس کے افسران کے گروپ کا کمشنر آفس کا دورہ

ہفتہ 22 فروری 2020 00:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) :پاکستان پرونشیل سروسز اکیڈمی پشاور سے مطالعاتی دورہ پر آئے ہوئے 85ویں پری سروس کورس کے شرکاء افسران کے گروپ نے کمشنر آفس کا دورہ کیا۔ڈویژنل کمشنر عشرت علی اور ڈپٹی کمشنر محمد علی نے انہیں فیصل آباد ڈویژن وضلع کے تاریخی وجغرافیائی پہلوؤں،ترقیاتی سرگرمیوں،امن وامان کی صورتحال،عوامی فلاح بہبود اور ریلیف کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈویژنل کمشنر نے افسران کے گروپ کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کے انتظامی ڈھانچے اور محکمانہ امور کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہونے کے ناطے فیصل آباد صنعت وحرفت اور زرعی شعبہ میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے جو ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 18،ارب 22کروڑ روپے کے فنڈز سے عوامی فلاح وبہبود کی 565سکیموں پر کام جاری ہے جن کا 62فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اسی طرح کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی 267سکیمیں 2،ارب 30کروڑ روپے سے مکمل کی جارہی ہیں اور اب تک 163منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام کی 609سکیموں پر ایک ارب 80کروڑ روپے اور پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کی 813سکیمیں ایک ارب 68کروڑ روپے سے مکمل کی جائیں گی۔انہوں نے لوکل گورنمنٹ سسٹم کی تفصیلات،ڈویژن کی آبادی،سکولوں وہسپتالوں میں دستیاب سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ترجیحات کا تعین کرکے سرکاری فرائض کی احسن انداز میں ادائیگی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے اداروں کے مابین مکمل ہم آہنگی،خوشگوار روابط اور باہمی تعاون کی مضبوط فضاء قائم ہے جس کی بدولت مربوط حکمت عملی سے محکمانہ طور پر بہترین سروسز ڈلیوری میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے افسران کی طرف سے بعض شعبوں سے متعلق کئے گئے سوالوں کے بھی مفصل جوابات دئیے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی ماہانہ میٹنگ کرکے ارکان اسمبلی کی ترقیاتی پروگرامز سمیت عوامی فلاح وبہبود کی پالیسیوں میں مشاورت وتجاویز لی جاتی ہیں جبکہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دریں اثناء گروپ لیڈر اورڈویژنل کمشنر کی طرف سے یادگاری شیلڈز کاتبادلہ کیاگیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں