قرنطینہ سنٹرز سے گھروں کو جانے والے زائرین اپنے آپ کو کم از کم 14 دن کیلئے کورنٹائن کریں، اپنے اہل خانہ کی صحت کے تحفظ کیلئے ان سے الگ رہیں، ڈپٹی کمشنر

بدھ 8 اپریل 2020 01:53

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ قرنطینہ سنٹرز سے گھروں کو جانے والے زائرین اپنی اہل خانہ کی صحت کے تحفظ کیلئے اپنے آپ کو کم از کم 14 دن کیلئے کورنٹائن کریں ۔ انہوں نے یہ بات ارکان اسمبلی ملک عمر فاروق اور فردوس روئے کے ہمراہ جی سی یونیورسٹی نیو کیمپس اور پارس کیمپس کے قرنطینہ سنٹرز کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ایس ایس پی اپریشنز سید علی رضا،اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرااور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر زائرین نے ضلعی انتظامیہ،پولیس اور ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ خود کو 14 دن کورنٹائن رکھیں گے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پارس کیمپس کا دورہ کرکے بعض زائرین کے مسائل سنے اور کہا کہ نیگیٹو آنے والے زائرین کو 14 دن کا کورنٹائن پیریڈمکمل ہونے کے بعد متعلقہ اضلاع میں بھجوادیا جائے گا تاہم وہ اس وقت تک اپنے آپ کواپنے الگ کمروں تک محدودرکھیں تاکہ خدانخواستہ وباء پھیلنے کا اندیشہ نہ ہو۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی نے کہا کہ دیگر اضلاع کے فیصل آباد آئے ہوئے زائرین ہمارے مہمان ہیں جن کا ہر ممکن خیال رکھا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے اور دستیاب طبی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لایا جارہا ہے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ایم پی اے فردوس رائے کے ہمراہ ڈی سی آفس میں قائم کورونا کرائسس مینجمنٹ سیل کا اچانک دورہ کیا اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔ڈپٹی کمشنر نے ڈیوٹی سٹاف کو سخت تاکید کی کہ کرائسس مینجمنٹ سیل کی ڈیوٹی انتہائی اہمیت کی متقاضی ہے لہذا ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موصولہ معمولی سی بھی معلومات پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کیا جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں