پولیو ٹیموں کا گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو جیسے لا علاج مرض سے نجات د لوانے کا اقدام قابل تعریف ہے، علماء کرام

منگل 17 مئی 2022 23:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) پولیو ٹیمیں گھر گھر پہنچ کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو جیسے لاعلاج مرض سے نجات دلوا رہی ہیں۔پولیو ٹیموں کا یہ اقدام قابل تعریف ہے اور دین اسلام کے عین مطابق ہے۔ان خیالات کا اظہار علماء کرام نے ایک میٹنگ کے دوران کیا جس کا انعقاد تنظیم اتحاد امت کی جانب سے جامع مسجد و مدرسہ محمدیہ فیصل آبادمیں کیا گیا۔

میٹنگ میں مختلف مکتبہ فکر کے علماء نے شرکت کی اور پولیو کے انسداد کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں میں مکمل یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے مولانا ضیاالحق نے کہا کہ ویکسینیشں بچوں کا پیدائشی حق ہے ان کو اس سے محروم نہ کریں۔ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر قطرے پلاتی ہیں اور اہم فریضہ انجام دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماء پر زور دیا کہ مساجد میں اعلانات کریں اور23 مئی سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے بارے آگاہی پیدا کریں۔

علامہ قاری بلال نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں میں بہترین وہ ہے جو دوسروں کا نفع کرے۔والدین پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔علامہ غلام مصطفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو ٹیمیں بچوں کی صحت مند افزائش کو یقینی بناتی ہیں تاکہ وہ بڑے ہو کر آقا کے صحت مند امتی بن جائیں۔علامہ حافظ محمد زکریا نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان پولیو کے خاتمے کے انتہائی نزدیک ہے لیکن ہم تب تک آرام سے نہیں بیٹھ سکتے جب تک اس کا پاکستان سے مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔پیر سید عارف اللہ نے بھی خطاب کیا۔ضلعی افسر برائے صحت ڈاکٹر صدیق اکبر نے شرکاء اور والدین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں پولیو مہم 23 مئی سے 29 مئی تک جاری رہے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں