محکمہ سول ڈیفنس کا ایل پی جی گیس ریفلنگ کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈائون، 8 گیس ریفلنگ شاپس سیل

منگل 14 مئی 2024 20:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) محکمہ سول ڈیفنس کا ایل پی جی گیس ریفلنگ کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، اس ضمن میں محکمہ سول ڈیفنس نے کارروائیاں کرکے مزید 8ایل پی جی گیس ریفلنگ شاپس سیل،4کا سامان ضبط اورپانچ دکانداروں کے خلاف چالان مرتب کرکے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرادیئے۔

ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کے احکامات پر سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس کی زیر نگرانی ٹیموں نے ضلع بھر میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ایکشن لیا اور نشاط آباد پل،شادمان روڈ،شیخوپورہ روڈ،مدینہ ٹاؤن، چباں روڈ،سرگودھا روڈ،غلام محمد آباد اور دیگر علاقوں میں کارروائی کی۔سول ڈیفنس آفیسر نے خبردار کیا کہ ایل پی جی گیس ریفلنگ کا غیر قانونی کاروبار،کھلے عام پٹرول فروخت اور فائر ورکس کا نامکمل کاروبار کرنے والے افرادباز رہیں بصورت دیگر دوران چیکنگ غیر قانونی کاروبار کرنے پر نہ صرف دکانیں سیل بلکہ مقدمات درج اورسامان ضبط کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا محکمہ ماحولیات نے انڈسٹریل سٹیٹ چک جھمرہ میں انسپکشن کرکے ڈائنگ یونٹ اور ایلومینیم ری ملٹنگ یونٹ کے یونٹ میں ممنوعہ مواد جلاکر ماحول کوآلودہ کرنے کی پاداش میں 2 بوائلرز کو سیل اور مجموعی طور پر مالکان کو 8 لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس رندھاوا کی زیر نگرانی ٹیموں نے دوران کارروائی پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن(سموگ پریونشن اینڈ کنٹرول)رولز 2023ء کی خلاف ورزی پر ایلومینیم ریملٹنگ یونٹ کو پانچ لاکھ اورڈائنگ یونٹ کو موقع پر 3 لاکھ روپے جرمانہ کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے انڈسٹریل،ڈائنگ،فیکٹریز،کارخانوں کے مالکان سے کہا کہ وہ بوائلر میں ممنوعہ مواد جلانے سے بازرہیں تاکہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جاسکے بصورت دیگر دوران چیکنگ خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں