فیصل آباد،غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں 3 ملزمان گرفتار،اوور بلنگ اور بجلی چوری پر 7 مقدمات درج

بدھ 15 مئی 2024 15:14

فیصل آباد،غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں 3 ملزمان گرفتار،اوور بلنگ اور بجلی چوری پر 7 مقدمات درج
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) ایف آئی اے فیصل آباد نے حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔اوور بلنگ اور بجلی چوری پر 7 مقدمات درج کرلئے گئے۔ایف آئی اے فیصل آباد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت کا رروائیوں میں گینگ کے 3 اراکین کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں محمد ارسلان شوکت، عمر شوکت اور عبداللہ اشرف شامل ہیں۔ملزمان کو گلبرگ فیصل آباد کے علاقہ سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار چلا رہے تھے۔ملزمان سے غیر ملکی کرنسی، اے ٹی ایم کارڈز اور موبائل فون برآمد کرلئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران 5ہزار امریکی ڈالر اور 12ہزار500 روپے برآمد کئے گئے۔

حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی تحویل میں لے لئے گئے۔ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بجلی چوری اور اوور بلنگ کے خلاف کارروائیوں میں میٹر ریڈر اور میٹر انسپکٹر سمیت 5 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔ کارروائیاں جھنگ، چک جھمرہ اور ملت روڈ فیصل آباد میں کی گئیں۔

چھاپہ مار کا رروائیوں کے نتیجے میں ملزمان غضنفر علی چیمہ، علی مرتضیٰ، تنویر احمد، مبشر چیمہ اور غلام نبی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق نامزد ملزمان اپنے پیٹرول پمپ اور گھروں میں بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ملزمان بجلی کی براہ راست لائن سے کنڈا لگا کر اور میٹر میں چھیڑ چھاڑ کر کے بجلی چوری کر رہے تھے۔بجلی چوری سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔

ابتدائی تخمینہ کے مطابق قومی خزانے کو 7 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔چھاپہ مار کارروائیوں میں فیسکو حکام بھی ایف آئی اے کی ٹیم کے ہمراہ رہے۔فیسکو حکام نے موقع پر کنکشن منقطع کر کے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی کیبلز،میٹر اور دیگر سامان کو قبضے میں لے لیا۔ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔جھنگ میں 4 کنکشنز پر اوور بلنگ نوٹ کی گئی۔مذکورہ کنکشنز پر 49ہزار733 یونٹس کی اوور بلنگ کی گئی۔میٹر ریڈر اور میٹر انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں