قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 660 طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم

ہفتہ 9 دسمبر 2023 18:25

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2023ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 660 طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ لیپ ٹاپ سکیم پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا ایک اہم اقدام ہے جس میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی میں بااختیار بنانے اور تعلیمی مہارت کو فروغ دیناہے۔تقریب کے دوران لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی خوشی قابل دید تھی۔

لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کو آگے لے جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔لیپ ٹاپ سکیم تعلیم کو جدید تقاضوں پر لانے میں معاون ثابت ہوگی۔ہم سمجھتے ہیں کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانا مستقبل کے لیے اہم سرمایہ کاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ میں جامعہ قراقرم نے کلیدی کردار ادا کیاہے۔جسے کسی صورت فراموش نہیں کیاجاسکتا۔جامعہ قراقرم ہمارا قومی آثاثہ ہے۔اس کی تعمیر وترقی اور فلاح وبہبود کے لیے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ جامعہ کے مسائل کا احساس ہے اس لیے صوبائی حکومت نے قراقرم بورڑ کو واپس لانے کے لیے صوبائی کابینہ کے اراکین پہ مشتمل کمیٹی قائم کی ہے۔

بہت جلد بورڑ کو واپس لائیں گے تاکہ جامعہ کے مالی مسائل حل ہونے سمیت گلگت بلتستان کے عوام کو امتحانات سے متعلق گھر کی دہلیز پر سہولیات میسر آسکے۔انہوں نے کہاکہ جامعہ قراقرم کو اپنے بساط کے مطابق ہرممکن تعاون فراہم کررہے ہیں اور مستقبل میں بھی تعاون کو جاری رکھیں گے۔ان سے قبل افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے ہر مشکل وقت میں جامعہ قراقرم کے ساتھ تعاون کیاہے۔

جس پر صوبائی حکومت کا جتنا شکریہ ادا کیاجائے کم ہے۔تقریب میں ایچ ای سی کے ریجنل کوارڈنیٹر برائے لیپ ٹاپ سکیم محمد ماجد مصطفی نے اظہار خیال کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے ملک عزیز بلخصوص گلگت بلتستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کے چیئرمین کی ترجیحات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی اور لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو مبارک باد پیش کی۔

لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے علاوہ وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ، صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا،صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان،معاون خصوصی زبیح اللہ،وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری ثناء اللہ خان، ایچ ای سی کے ریجنل کوارڈنیٹر برائے لیپ ٹاپ سکیم محمد ماجد مصطفی،یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی افسران، مختلف اداروں کے زمہ داران،صحافی برادری سمیت لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا موجود تھے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں