گلگت ،مالی سال 2022 کے اختتام تک دو ارب تیس کروڑ کے نئے قرضے جاری کیے جائیں گے ، کمیٹی کو بریفنگ

بنک انتظامیہ آئندہ سال کیلئے تعین کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائے گی، چیئر منی وقار عباس مندوق کی گفتگو

پیر 13 ستمبر 2021 22:25

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2021ء) قراقرم کوآپریٹو بنک لمیٹڈ گلگت بلتستان کے بورڈ کے رسک،کریڈٹ آور کمپلائنس کمیٹی کو بتایاگیا ہے کہ مالی سال 2022 کے اختتام تک دو ارب تیس کروڑ کے نئے قرضے جاری کیے جائیں گے ۔ کمیٹی کااجلاس بنک کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین وقار عباس منڈوق نے کی۔ اجلاس میں بینک کی کارکردگی برائے سال 2021 کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گیا کہ بینک نے سال 2021 میں 859 ملین کا ریکارڈ منافع کمایا اور ڈیپازٹس کا حجم گذشتہ سال کی نسبت سے 17 فیصد اضافہ کیساتھ 25 ارب اور قرضہ جات کا ساڑھے بارہ ارب کا ہدف حاصل کیا گیا۔ مالی سال 2022 کے اہداف کا تعین بھی کیا گیا۔ جنرل منیجر نے اجلاس کو بتایا کہ مالی سال 2022 کے اختتام تک دو ارب تیس کروڑ کے نئے قرضے جاری کیے جائیں گے جس سے ٹوریزم سیکٹر، خواتین اور چھوٹے و درمیانی کاروباری طبقے کیساتھ زراعت سے وابستہ لوگ اس سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بینک کے برانچ نیٹ ورک کی توسیع کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور نئے برانچز اور سب برانچز کے قیام کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی جو حتمی منظوری کیلئے بورڈ کے اجلاس میں پیش کئے جائینگے۔ اجلاس نے 32 قلیل مدتی قرضے جن کی مالیت ساٹھ ملین جبکہ پانچ درمیانی مدت کے قرضے مجموعی مالیت دس ملین روپے کی منظوری بھی دی۔ کمیٹی نے مالی سال 2022 کیلئے تمام برانچز کیلئے اہداف کا تعین بھی کیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جو برانچ اپنے متعینہ ڈپازٹ، ریکوری اور منافع کے اہداف حاصل نہیں کر ے گا وہ بینک کی مراعات، بونس وغیرہ سے محروم ہو گا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ بنک کے تمام فنکشنز کیلئے پالیسیاں مرتب ہو چکی ہیں، آئی ٹی سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے کام جاری ہے اسٹاف کی تربیت اور ٹریننگز کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بنکنگ اینڈ فنانس اسلام آباد کے ٹرینرز بنک کے افسران کو تربیت فراہم کررہے ہیں اس سلسلے میں چوتھے گروپ کی ٹریننگ جاری تھی۔

چیئرمین نے دوران تربیت افسران سے ملاقات کی اور خطاب بھی کیا۔ انہوں نے افسران کو محنت اور لگن سے کام کر نے اور اپنی پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے پر زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بنک انتظامیہ آئندہ سال کیلئے تعین کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وقار عباس منڈوق نے کہا کہ چھوٹے کاروباریوں، خواتین کے کاروبار کے فروغ اور سیاحت سے متعلق کاروبار کیلئے بنک رواں مالی سال 2 ارب روپے قرضے آسان اقساط پر فراہم کریگا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں