گلگت بلتستان کے 250 سے زائد طلبہ کامصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی بلاک چین کا چھ ماہ کا کورس مکمل

پیر 13 مئی 2024 18:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے 250 سے زائد طلبہ نے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی بلاک چین کا چھ ماہ کا کورس مکمل کرلیا۔اس حوالے سے کورس مکمل کرنے والے طلباء میں اسناد تقسیم کی تقریب ہیومین ریسورس سینٹر جوٹیال میں منعقد ہوئی، جس میں مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اعظم خان اور دیگر سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ چھ ماہ کے اندر جی بی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کا ایک بہترین کورس کا انعقاد کیا، جس سے ہمارے طلبہ مستفید ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آنے والا دور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے،جس کے لئے ہماری نئی نسل کو اسی کے مطابق تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

ہمارے ذہین نوجوان باہمت اور محنتی ہیں، ان نوجوانوں نے فری لانسر، اسٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی ہے۔آئی ٹی انقلاب کے نتیجے میں پوری دنیا میں لوگوں کا طرز زندگی بدل گیا ہے۔ آنے والا دور ہی جدید ٹیکنالوجی کا ہے اور پوری دنیا جدید ٹیکنالوجی پر شفٹ ہورہی ہے۔ ثریا زمان نے کہا کہ مجھے خوشی اس بات کی بھی ہے کہ اس کورس میں خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی ہے،ہمارا محکمہ اپنے کم وسائل اورقلیل بجٹ کے اندر رہ کر بہترین کام کررہا ہے، جس کے لئے ادارے کے آفیسران اور سٹاف مبارک باد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ آئی ٹی نے حال ہی میں محکمہ خوراک کے لئے ایک ڈیجیٹل ایپ لانچ کی ہے،جس کے لئے پرائیویٹ کنسلٹنس نے ستر لاکھ روپے مانگا تھا، مگر الحمداللہ محکمہ آئی ٹی نے یہ ایپ مفت میں ہی تیار کرکے محکمہ خوراک کے حوالے کی ہے جو نظام ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے تیار کی گئی ہے۔اس موقع اعظم خان کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں ہر ممکن مدد فراہم کررہا ہے ، چاہے وہ سوفٹ لون ہو یا آرٹفیشل انٹلیجنس یا بلاک چین جیسے اہم اقدامات روز اول سے اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس طرح کے اہم کورسز سے مستفید ہوں۔ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی جنید عباس قذلباش نے بتا یا کہ یہ فیز ون تھا، جس میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور بہت ہی جلد فیز ٹو کا آغاز ہوگا، جس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔تقریب کے آخر میں کورس مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں