چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت انتظامی سیکرٹریز کا اجلاس

پیر 13 مئی 2024 22:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت انتظامی سیکرٹریز اجلاس کا انعقاد چیف سیکرٹری سیکریٹریٹ میں ہوا۔ سیکرٹریزکانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سمیت دیگر محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ کانفرنس میں گزشتہ سیکرٹریز کانفرنس میں لئے گئے فیصلوں پر محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور چیف سیکرٹری نے اس موقع پر تمام انتظامی سیکریٹریز کو حکومتی اداروں کی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے کے لئے انتظامی فیصلوں پر موثر اور فوری عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتظامی امور کی ادائیگی اور ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے سمیت مختلف محکموں میں ریشنالائزیشن پلان کے تحت آسامیوں کی تقسیم،خالی آسامیوں میں بھرتی کا عمل تیز کرنے اور محکمہ تعلیم اور صحت میں درکار افرادی قوت کی فوری دستیابی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کر دئیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مفاد عامہ کے حامل ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت تیز کیا جائے، بجلی بلوں کی ریکوری کیلئے محکمہ برقیات کیساتھ ضلعی انتظامیہ بھی موثر کردار ادا کرے، سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سیاحوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی سمیت صفائی کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کار لائے جائیں، چلاس قلعہ کو ثقافتی ورثے میں بدلنے کیلئے پولیس فورس کو متبادل جگہ فراہم کرنے اور بین الاضلاعی تنازعات کے حل کیلئے انتظامیہ کو فوری طور پر سنجیدہ اقدامات بروئے کار لانے کی بھی ہدایت جاری کی۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے سکردو میں طلباء کیلئے کالجز میں محدود نشستوں کی وجہ سے داخلہ نہ ملنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سکولوں میں فوری طور پر انتظامات کرنے کے بھی احکامات جاری کر دئیے اور محکمہ صحت کو بھی مختلف اضلاع میں سپیشلائزڈ ڈاکٹرز کی تعیناتی یقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ تمام انتظامی آفیسران عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنا اولین مقصد بنائیں اوراس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں