ماہ رمضان صبر کا مہینہ ہے، اور صبر کی جزائ جنت ہے،پیر عثمان افضل قادری

منگل 21 اپریل 2020 23:30

گجرات + لاہور +اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2020ء) پیر عثمان افضل قادری نے رمضان المبارک کے فضائل واحکام کے حوالہ سے نیک آباد شریف سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم ہجری کے بعد کا زمانہ ہے، شعبان المعظم اختتام پذیر ہو رہا ہے، ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، مدینہ منورہ کی پاک سر زمین ہے، سیدالانبیائ و المرسلین،رحمة للعالمین، شمع بزم ہدایت جلوہ افروزہیں، اور شمع رسالت کے پروانے حاضر خدمت ہیں۔

اس موقع پر سید لانبیائ والمرسلین، مصطفی جانِ رحمت نے ارشاد فرمایا: ’’اے لوگو! تحقیق ایک عظمت اور برکت والا مہینہ سایہ فگن ہورہا ہے، اس میں ایک رات ہے جو ہزاروں مہینوں سے افضل ہے، اللہ تعالیٰ نے اس کے روزوں کوفرض فرمایا ہے، اور اس کی راتوں کو قیام کرنا،عبادت کرنا باعث اجر وثواب ہے، اس مہینے میں جو ایک نیکی کرے گا، اسے عام مہینوں میں فرض اداکرنے جتنا اجر وثواب عطا کیا جائیگا اور جو اس مہینے میں ایک فرض ادا کریگا اسے عام مہینوں میں ستر فرض اداکرنے جتنا اجروثواب عطا کیا جائیگا، یہ مہینہ صبر کا مہینہ ہے، اور صبر کی جزائ جنت ہے، یہ مہینہ ایک دوسرے کیساتھ ہمدردی کرنے کا مہینہ ہے، اس مہینہ میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے، اس مہینہ میں جو روزہ دار کو افطار کروائیگا اس کی بخشش اور آگ سے نجات کا سماں ہو جائیگا اورجتنا ثواب روزے دار کو مل رہا ہے اتنا ہی ثواب روزہ افطار کروانے والے کو بھی عطا کیا جائیگا لیکن روزے دار کے ثواب میں بھی کوئی کمی واقع نہیں ہوگئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چند صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین عرض گزار ہوئی: یارسول اللہؐ ہم میں یہ استطاعت نہیں ہے کہ افطاری کا اہتمام کر سکیں تو نبی رحمت ؐ نے ارشاد فرمایا: جو پانی کیساتھ یا کھجور کیساتھ یا دودھ کے ایک گھونٹ کیساتھ بھی افطار کروائیگااللہ رب ذوالجلال اس کو بھی یہ اجر وثواب عطا فرمائیگا اور جو روزے دار کو پیٹ بھر کے کھلانا کھلائیگا حشر کے میدان میں اسے میرے حوض سے سیراب کیا جائیگا جس کی بدولت اسے جنت میں داخلے تک پیاس کا احساس نہیں ہوگا۔

پیر عثمان افضل قادری نے مزید کہا ہے کہ امام الانبیائ والمرسلین ؐ نے رمضان المبارک کا تعارف کراتے ہوئے ارشاد فرمایا ہی: رمضان المبارک کا پہلاعشرہ رحمت کا عشرہ ہے، اس میں رب ذوالجلال کی خاص رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔ دوسرا عشرہ مغفرت کا عشرہ ہے، اس میں رب ذوالجلال اپنے بندوں کی بخشش فرماتا ہے۔ تیسرا عشرہ جہنم سے آزادی کا عشرہ ہے، اس میں رب ذوالجلال اپنے بندو ں کوجہنم سے آزاد کرنے کا اعلان فرماتا ہے۔

پیر عثمان افضل قادری نے کہا کہ اس مہینے میں جو اپنے خادم یا ماتحت پر بوجھ کم کریگا اور اس کیساتھ نرمی کا معاملہ کریگا تو کل میدان محشر میں اللہ تعالیٰ بھی اس پر فضل وکرم فرمائیگا۔ آخر میں دعا کرواتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کے روزے رکھنے، تروایح پڑھنے، قرآنِ پاک کی کثرت سے تلاوت کرنے، درود وسلام کو زبانوں پر سجانے، صدقہ وخیرات کرنے، مستحقین کے ساتھ تعاون کرنے، اور اس مہینے میں تمام عبادات احسن طریقہ سے انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمیں رمضان المبارک کی رحمتیں، بخشش، عتق من النار نصیب ہوجائے۔ اور اللہ کریم نبی رحمت اور رمضان کریم کی رحمتوں کی بدولت تمام آفات وبلیات سے حفظ وامان عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں