گجرات میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا مجسمہ نصب ، تمبل چوک میں قائم مونومنٹ کا افتتاح کر دیا گیا

بدھ 15 مئی 2024 20:31

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے میونسپل کارپوریشن گجرات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی کے تاریخی سٹیج و مجسمہ اور تمبل چوک میں قائم کئے گئے مونومنٹ کا افتتاح کیا۔صدر مسلم لیگ (ق) سٹی گجرات علی ابرار جوڑا، حافظ عقیل عباس، سی او میونسپل کارپوریشن گجرات ملک ابرار، چوہدری طاہر مانڈہ، چوہدری مظہر وڑائچ نت، عمر سہیل بھٹہ، تیمور بٹ اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کے اعزاز کی بات ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 28 جولائی 1944 کو اس مقام پر خطاب کیا، اس تاریخی سٹیج کو از سرنو تعمیر کیا گیا ہے اور بانی پاکستان محمد علی جناح کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے، شہر کی خوبصورتی میں پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جناح چوک، کچہری چوک، تمبل چوک میں خوبصورت مونومنٹ نصب کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ گجرات شہر کی خوبصورتی کے لیے صاف گجرات کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی کے فورم سے شہر کی خوبصورتی کے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات شہر کی صفائی اور بہتری کے بہترین انداز میں کام کررہی ہے، گھوسٹ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے، میونسپل کارپوریشن گجرات کے اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی ہے، خسارے کو ختم کردیا گیا ہے، شہر بھر میں بہترین انداز میں میونسپل سروسز فراہم کی جارہی ہیں، شہریوں کی شکایات کو فوری حل کیا جارہا ہے۔

تقریب کے اختتام میں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے حافظ عقیل عباس، علی ابرار جوڑا، چوہدری طاہر مانڈہ، عمر سہیل بھٹہ سمیت میونسپل کارپوریشن گجرات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین کو شیلڈ سے نوازا ۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں