پاکستان میں غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے جدید زرعی طریقہ کار اپنانا ہو گا،پراجیکٹ ڈائریکٹرمحمدیعقوب

بدھ 8 فروری 2023 17:01

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2023ء) نیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر قومی منصوبہ برائے اضافہ گندم پیداوار ڈاکٹر محمد یعقوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے جدید زرعی طریقہ کار اپنانا ہو گا،ملک میں تقریباْ 22ملین ایکڑ پر کاشت کی جانے والی گندم کی ملکی اوسط پیداوار 30 من فی ایکڑ ہے جو نہ صرف زرعی لحاظ سے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے بلکہ دن بدن بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی ناکافی ہے جس کی بنیادی وجہ غیر مناسب کھادوں کا استعمال،اور نامیاتی مادوں کا عدم استعمال ہے،گندم کی پیداواری صلاحیت میں بہتری کے لیے نامیاتی مرکبات پر مشتمل کھاد ہیومک ایسڈ کا استعمال وقت کی ضرورت بن چکا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں ہیومک ایسڈ کے استعمال اور تیاری کے حوالے سے محکمہ زراعت شعبہ توسیع کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبدالقیوم ڈائریکٹر سیڈ،رضاء اللہ پرنسپل ریسرچ آفیسر،ڈائریکٹر محکمہ زراعت ہری پور اعجاز ملک،ایس ایم ایس محمد الطاف کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔پروگرام کے دوران زرعی ماہرین نے زمین میں نامیاتی مادہ بڑھانے کے لیے مختلف طرح کی فصلوں کی بوائی،سبز چارے والی فصل لگانے،نامیاتی کھادوں کے زریعے زمین میں کاربن ملانے اور جانوروں کے فضلے اور گلے سڑے اجزاء کو زمین میں ملانے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں