دارالعلوم تعلیم الاسلام جامع مسجد قباء ہری پور میں رحمت العالمین کانفرنس کا انعقاد

حضرت محمدؐ نے دنیا بھر کے انسانوں کو صبر و تحمل عفو و درگذر، برداشت، رواداری اور امن کا پیغام دیا، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 13:43

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) ہزارہ ڈویژن کی مشہور دینی درسگاہ دارالعلوم تعلیم الاسلام جامع مسجد قباء ملکیار روڈ ہری پور میں رحمت العالمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت متحدہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا قاضی غلام مجتبیٰ نے کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان، صدر مجلس مولانا غلام مجتبیٰ اور متحدہ علماء کونسل کے جنرل سیکرٹری قاضی الفت حسین سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ الله تعالیٰ نے نبی آخرالزمان حضرت محمدؐ کو خاتم الانبیاء بنا کر بھیجا اور ایک لاکھ 24 ہزار انبیا و رسل میں سے صرف آپ کی ذات گرامی کو رحمت العالمین کے عظیم خطاب سے نوازا گیا، آپ تمام جہانوں اور تمام مخلوقات کیلئے پیکر رحمت بن کر تشریف لائے اور آپ نے دنیا بھر کے انسانوں کیلئے عفو و درگزر کا پیغام دیا، آپؐ کے بچپن سے لیکر وصال تک آپ کی پوری زندگی میں اشتعال اور انتقام نام کی کوئی چیز نہیں، نبی کریمؐ جب فتح مکہ کے موقع پر فاتح بن کر 10 ہزار صحابہ کرام کے ساتھ مکہ میں داخل ہوئے تو کچھ اصحاب رسول جو مکی دور نبوت میں اسلام دشمنوں کے ہاتھوں ظلم و ستم کا نشانہ بنے تھے، نے کہا کہ آج بدلے اورا نتقام کا دن ہے تو رحمت دو عالم نے ان کا یہ جملہ سن کر فرمایا نہیں آج کا دن رحم و معافی کا دن ہے، آپ نے اپنے دشمنوں کو نہ صرف معاف کر دیا بلکہ ان کے ساتھ حسن سلوک کی اعلیٰ ترین مثال قائم کر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قاتل کو معاف کرنے کا ظرف رکھنے والے محمد عربیؐ نے دنیا بھر کے انسانوں کو صبر و تحمل عفو و درگذر، برداشت، رواداری اور امن کا پیغام دیا تاکہ دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے، آج بھی سیرت النبیؐ کا تقاضا یہی ہے کہ آقائے نامدار کی تعلیمات اور اسوة رسولؐ پر عمل پیرا ہو کر دنیا بھر میں امن قائم کیا جا سکتا ہے اور پرچم ختم نبوت کے نیچے جمع ہو کر فرقہ پرستی کو جڑ سے اکھاڑ کر ختم کیا جا سکتا ہے، انہوں نے شرکاء سے کہا کہ آج بھی مسلمان الله اور الله کے رسول کے احکامات پر عمل پیرا ہو جائیں تو ان کے اعزاز میں آسمان موتی برسائے گا اور زمین سونا اگلے گی۔

کانفرنس میں ہزارہ بھر سے جید علماء کرام مولانا اکرم خان، مولانا بخش ہزاروی، مولانا قاضی مطیع الرحمن، قاضی محمد ارشاد، قاضی عطاء الحق، مولانا عبدالحمید، قاری غلام نبی، مفتی شمس الحق، مولانا عبدالسلام، مولانا محبوب الرحمن، ڈاکٹر ریاض، قاری حاکم دین، قاری ضیاء الرحمن، مولانا اسد الرحمن، قاری شفیق الرحمن، قاضی محمد سعید ایڈووکیٹ، سید واجد علی شاہ، اہل تشیع کے نیئر عباس جعفری، قاری محمد عیان، چیئرمین محمد نواز، قاری محمد یوسف، مولانا زبیر، ملک اقبال، حاجی حیدر زمان، قاری محمد اقبال اور دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں