اقوام عالم کا ہم پلہ بننے کے لئے ہمیں تمام تر شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا، صوبائی وزیر ہائیرایجوکیشن

بدھ 24 اپریل 2024 22:23

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کا تقاضا ہے کہ ہمیں تعلیمی میدان میں ترقی کے ساتھ اقوام عالم کا ہم پلہ بننے کے لئے تمام تر شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں اپنی آنے والی نسل کو مہارتوں اور صلاحیتوں سے لیس کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یو کے کے وفد کا پاک آسٹریا فاخاشولے یونیورسٹی ہری پور کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خیبر پختونخوا کے وزیر ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن فیصل خان ترکئی،وزیر بلدیات ارشد ایوب خان،اپوزیشن لیڈر و ممبر قومی اسمبلی عمر ایوب خان،ممبر صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان،سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کے پی ارشد خان،ایگزیٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن اسلام آباد ضیاء القیوم،رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان،ریکٹر پاک آسٹریا یونیورسٹی ہری پور ڈاکٹر مجاہد،ممبران برٹش کونسل یوکے اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور محکمہ اعلیٰ تعلیم اس سلسلے میں مخلصانہ کاوشیں کر رہے ہیں۔ میناخان آفریدی نے کہا کہ عالمی سطح پر تعلیم کے شعبے میں تبدیلیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم روایتی طریقوں سے جدید طریقہ تدریس کی طرف متوجہ ہوں اور بچوں کو بہترین مہارتوں سے ہم آہنگ کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر اقوام عالم کا مقابلہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں تمام ممالک ہر شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھارہے ہیں ، اس سے ہمارے طلباء، فیکلٹی اور ادارے بھی آگے بڑھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک آسٹریا فاخاشولے یونیورسٹی ہمارے صوبے اور ملک کے نوجوانوں کو ایک آسان فلیٹ فارم مہیا کررہی ہے تاکہ وہ اس مقابلے کی دنیا میں اپنا مقام پیدا کرسکیں اور صوبے کو علم اور معیشت کا مرکز بنا سک عالمی سطح پر تعلیم کے شعبوں میں تعاون سے سیکھنے کے عمل کو فروغ حاصل ہوگا۔

میناخان آفریدی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو جدید اعلیٰ تعلیم سے روشناس کرانے اور انہیں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے عالمی سطح پر کاوشیں جاری رکھے گی تاکہ ہماری نوجوان نسل اقوام عالم میں کامیاب ہو اور وہ اکیسویں صدی کے مواقعوں سے فائدہ اٹھاسکے ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے برٹش کونسل یو کے کے وفد نے کہا کہ بر ٹش کو نسل یوکے خیبر پختونخوا یونیورسٹی میں اشتراک کے ذریعے تعلیم،بزنس اور ٹریڈ پر کام کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان 5ملین پونڈ ریسرچ کے لئے فراہم کر رہا ہے تاکہ ریسرچ پر مزید کام ہو سکے۔سوالوں جوابات سیشن میں ذہنی و جسمانی معذور افراد کے لئے تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔آخر میں پاک آسٹریا فاخاشولے یونیورسٹی ہری پور کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں