تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیر اہتمام 10اضلاع میں نویں و دسویں کے امتحانات جاری

جمعرات 19 مئی 2022 23:39

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیر اہتمام 10اضلاع حیدرآباد ، جام شورو ، دادو ، ٹھٹھہ ، بدین ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈو الہیار ،مٹیاری اور بے نظیر آباد میں نویں و دسویں کے امتحانات جاری ہیں۔ ان اضلاع میں قائم کردہ 270امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 27ہزار سے زائد طلبہ و طالبات امتحان دے رہے ہیں۔

امتحانات میں نقل کی روک تھام اور نظم و ضبط کے قیام کے لیے چیئرمین بورڈ ، سکریٹری بورڈ اور ناظم امتحانات سمیت22ویجیلینس کمیٹیا ں بھی دورے کررہی ہیں تاہم اس کے باوجود نقل کلچر پوری آب و تاب پر ہے واٹس ایپ پر امتحانی پرچہ قبل از وقت منظر عام پر آجاتا ہے اور امتحانی مرکز میں موبائل فونز کا استعمال بھی کھلے عام جاری ہے لیکن جس وقت کمیٹی کے اراکین اور تعلیمی بورڈ کے ذمہ داران امتحانی مرکز پر آتے ہیں امیدواروں کو بروقت اطلاع مل جاتی ہے اور وہ حفاظتی انتظامات کرلیتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے تحت صبح کے وقت نویں جماعت کے اردو ،سندھی اور جغرافیہ کے پرچے تھے جبکہ سہ پہر کے وقت دسویں جماعت جنرل گروپ کاجنرل ریاضی کا پرچہ تھااس دوران 2درجن سے زائد طلبہ وطالبات پر نقل کیس بنائے گئے ہیں دوسری جانب شدید گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے امتحان دینے والوں کوسخت مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ہر ضلع میں انتظامیہ نے امتحانی مراکز کے قریب دفعہ144لگائی ہو ئی ہے لیکن اس پر عمل نہ ہو نے کے برابر ہے -

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں