۹ تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر حافظ سعد حسین رضوی کی اپیل پر پورے ملک کی طرح حیدرآباد میں ریلی کا انعقاد

ہفتہ 11 مئی 2024 03:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2024ء) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر حافظ سعد حسین رضوی کی اپیل پر پورے ملک کی طرح حیدرآباد میں بھی جمعہ کے روز تحفظ قرآن و فلسطین ریلی نکالی گئی،ریلی تلک چاڑی سے شروع ہو کر پریس کلب حیدرآباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ریلی کے اختتام پر شرکا ء سے خطاب کرتے ہو ٹی ایل پی کے صوبائی رہنما سلیمان سروری ایڈوکیٹ ، ضلعی امیر حافظ ذیشان ربانی،قاری نوید حنفی، علامہ حسان الہی،علامہ سید نورالحسن جیلانی ،مفتی محمد زوہیب علی برکاتی ،علامہ محمد اشرف سلطانی اور قاری محمد زاہد و دیگرنے کہا کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی عالمی مذہبی دہشت گردی کے مترادف ہے، سوئیڈن میں بار بار اس قسم کا مذموم اقدام ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ فلسطین میں جس طرح مسلسل مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کیئے جا رہے ہیں اور عالمی طاقتیں چپ سادھے بیٹھی ہیں، اس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ عالمی طاقتیں اسرائیلی جنگی جرام میں برابر کے شریک بن چکی ہیں،عالمی طاقتوں نے جنگ بندی کا ڈرامہ رچا کر فلسطینی مسلمانوں کو دھوکہ دیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہمارے حکمراں اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور خارجہ پالیسیاں بنانے کی بجائے اپنے ہی ملک میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرنے والوں کی آواز دبانے میں مصروف ہیں۔

انہوںنے مزید کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم ہو یا قرآن کی بے حرمتی کے واقعات ہر مسلمان کی آنکھ آج نم ہے، تحریک لبیک پاکستان جس دن اقتدار میں آئی ظالم کو اسلام کی پاور دیکھائیں گے، افسوس ہے کہ آج کوئی سیاسی جماعت فلسطین مسئلہ پر یا قرآن پاک کی بے حرمتی کی عالمی دہشت گردی پر ایوانوں میں آواز اٹھانے یا مذمتی قرارداد تک پیش کرنے کی جرات نہیں رکھتی۔

لیکن ہم آج بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ضرورت پڑی یا قائدین نے کال دی تو ہر حد تک جا کر فلسطین کے حق میں احتجاج بھی کریں گے اور ساتھ بھی دیں گے، رہی بات قرآن پاک کی بے حرمتی کی تو فکر نہ کریں ان عالمی دہشت کردوں سے نمٹنے کا نسخہ امیرالمجاہدین ہر مسلمان کو دے چکے ہیں ان کا علاج کیسے کرنا ہے ہم جانتے ہیں۔رہنمائوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی ہو یا شان رسالت محمد صل اللہ علیہ والہ وسلم میں گستاخی کے واقعات بار بار مذہبی دہشت گردی کر کے کروڑوں مسلمانوں کے صبر کا امتحان لیا جارہا ہے، ایسا نہ ہو کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے، آج علما اکرام ایوانوں میں ہوتے تو ایوان حق کی آواز سے لرز اٹھتے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں