حیدرآباد کے تعلقہ لطیف آباد نمبر6میں واقع ایک نجی انشورنس کمپنی میں کام کرنے والی 20سالہ لڑکی عائشہ دو روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی

ہفتہ 11 مئی 2024 03:45

ٴْحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2024ء) حیدرآباد کے تعلقہ لطیف آباد نمبر6میں واقع ایک نجی انشورنس کمپنی میں کام کرنے والی 20سالہ لڑکی عائشہ دو روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی جس کی تلاش میں مدد کیلئے لڑکی کی والدہ مسماة حنا اور والد محمد خالد نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ حیدرآبادپریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاج کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری بیٹی عائشہ لطیف آباد یونٹ نمبر6 میں واقع ایک نجی انشورنس کمپنی میں ملازم ہے جو کہ گذشتہ جمعرات کی شام پانچ بجے گھر والوں کو فون کر کے کمپنی سے گھر آنے کیلئے کہا لیکن وہ اب تک گھر نہیں پہنچی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹی کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بعد ایک نامعلوم نمبر سے ہمیں بیٹی کے زمین پر پڑے پرس اور دیگر سامان سمیت زمین پر ایک زخمی نوجوان کی تصویریں بھیجی گئی ہیں جو کہ ہم نے پولیس کو دی ہیں لیکن پولیس کی جانب سے ہماری بیٹی عائشہ کا موبائل فون نمبر ٹریس ہونے کے باوجود پولیس کوئی کاروائی کرنے کے بجائے مختلف علاقوں میں ہمیں بھیج کر چکر کٹوا رہی ہے اور بیٹی کو بازیاب کرانے کے بجائے ہمیں صرف دلا سے دے کر وقت ضائع کر رہی ہے جس کی وجہ سے ہماری بیٹی کے ساتھ کوئی بھی بڑا واقعہ پیش ا ٓسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری بیٹی کو کسی نے اغوا ء کیا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس ،ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدرآباد سے اپیل کی کہ ہماری بیٹی کو بازیاب کرا کر ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، دوسری صورت میں ہم ایس ایس پی حیدرآباد آفس کے سامنے خود سوزی کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ایس ایس پی حیدرآباد پر عائد ہوگی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں