نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاورکے وفد کاایف سی ہیڈ کوارٹرکا دورہ کیا ، آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن سے ملاقات

فرنٹیئر کوربلوچستان صوبے کی طویل سرحدوں کی نگرانی ،قومی تنصیبات کی حفاظت ،غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کی حفاظت پر مامور ہے ، مشکل کی ہر گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہیں،ایف سی ہیڈکوارٹر کے کرنل عزیزاحمد کی وفد کو بلوچستان کے حالات اور فرنٹیئر کور کے کردار پر جامع بریفنگ

منگل 27 اکتوبر 2015 22:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اکتوبر۔2015ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاورکے وفد نے ایف سی ہیڈ کوارٹرکا دورہ کیا۔ آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن سے ملاقات کی۔ ایف سی ہیڈکوارٹر کے کرنل عزیزاحمد نے وفد کو بلوچستان کے حالات اور فرنٹیئر کور کے کردار پر جامع بریفنگ دی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاورکے16رکنی وفد نے ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور بلوچستان کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران کرنل عزیزاحمد نے وفد کو بلوچستان کے حالات اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر کوربلوچستان صوبے کی طویل سرحدوں کی نگرانی ،قومی تنصیبات کی حفاظت ،غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کی حفاظت پر مامور ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

قدرتی آفات ،سیلاب ،زلزلہ اوردہشت گردی کے واقعات میں فرنٹیئر کور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے اور دہشتگردوں کی سرکوبی اور بیخ کنی میں اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔سوال و جواب کے سیشن کے دوران کرنل عزیزاحمد نے آفیسرز ٹریننگ کے اغراض ومقاصدپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کا عمل آفیسران کی استعدادکار،نچلی سطح پرآپریشنل اورانتظامی معاملات میں بہتری لانے میں اہم کردار اداکرتاہے۔

آفیسرز پیشہ وارانہ مہارت اور سچی لگن سے ملکی حالات اور چیلنجزکو مدنظر رکھتے ہوئے عوام دوست پالیسیاں بناکر ملک کو درپیش غربت، انتہاپسند ی اوردہشتگردی کانہ صرف خاتمہ کریں بلکہ اچھی اکنامک گورننس کے ذریعے عوام کو خوشحالی اورترقی کے مواقع فراہم کریں۔وفد نے بلوچستان میں فرنٹیئر کور کے گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور فرنٹیئر کور کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کیلئے خاص طور پر محبت ،خلوص اور امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے وفد کے ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں