وزیر اعظم ، جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں مزید توسیع کریں ، عمائدین علاقہ کوہستان خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان

جنرل راحیل شریف نے انتہائی مختصر عرصے کے دوران قبائلی علاقوں اور کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں دہشتگردوں کو نشانہ بنایا ہے جس سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے ملک کی خارجہ پالیسی کو بھی عالمی سطح پر اجاگر اور ملک کے ایٹمی اثاثہ جات کے تحفظ کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے ،ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 15 جولائی 2016 19:45

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 جولائی ۔2016ء) موجودہ ملکی حالات اور واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں مزید توسیع کریں کیوں کہ جنرل راحیل شریف نے انتہائی مختصر عرصے کے دوران قبائلی علاقوں اور کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں دہشتگردوں کو نشانہ بنایا ہے جس سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک کی خارجہ پالیسی کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا اور ملک کے ایٹمی اثاثہ جات کے تحفظ کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے ان خیالات کا اظہار کوہستان خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عمائدین علاقہ منصور الحق، جواد احمد جلال، ملک صوبیدار خان، فدا اللہ خان، سیف اللہ خان اور دیگر نے جمعہ کے روز ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طو رپر جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے احکامات جاری کریں کیونکہ جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے، ایٹمی اثاثہ جات کے تحفظ کو موثر بنانے، چاروں اطراف سے بارڈر کو محفوظ بنانے، اندرون ملک دہشتگردی، خود کش حملوں اور بم بلاسٹ کے واقعات کو کنڑول کرنے کیلئے جامع اقدامات اٹھائے ہیں جس سے ان میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کراچی میں لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو قابو پانے، اغواء برائے تاوان، اور بھتہ خوری پر قابو پانے کیلئے جرائتمندانہ فیصلے کیئے ہیں جن کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اس دوران مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کیئے ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ و قبائلی علاقوں کے بگڑتے ہوئے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنے قریبی دوست اور منجھے ہوئے جنرل ہدایت الرحمن کو کور کمانڈر تعینات کر کے اس خطے سے بھی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جرائتمندانہ اور اچھا فیصلہ کیا ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی افغانستان کے ساتھ پاکستان کے حالات خراب ہوئے اور یا کوئی عالمی سطح پر دہشتگردی کے حوالے سے معاملہ اٹھایا گیا اور جنرل راحیل شریف اس میں پیش پیش رہے اور بڑھ چڑھ کر خارجہ پالیسی کو مضبوط و موثر بنایا ، پاکستان کے دفاع کو مستحکم بنانے کیلئے امریکہ، روس،جرمنی،فرانس،چائنہ،ترکی،سمیت کئی ممالک کے دورے کیئے اور ان سے بہتر تعلقات استوار کرنے کے ساتھ ساتھ دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے کامیاب معاہدے بھی کیئے جس سے ملک پر مثبت نتائج برآمد ہوئے اور ساتھ ساتھ ڈرون حملوں میں کمی واقع ہوئی اور اپنی مقامی سطح پر ڈرون طیارے بھی تیار کیئے گئے اور پاک فوج کے اندر کرپشن کے خاتمے کیلئے تاریخ میں پہلی مرتبہ جرنیلوں سمیت بڑے بڑے افسران کے خلاف کاروائی کی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اس لیئے اب ملک کی بیس کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں مزید توسیع کی جائے

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں