صوبائی حکومت صحت کے بجٹ میں اربوں روپے مختص کرتی ہے لیکن سندھ کے عوام کو کتے کے کاٹے کی ویکسین تک میسر نہیں، عمران قریشی

اتوار 22 ستمبر 2019 19:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کے بجٹ میں اربوں روپے مختص کرتی ہے لیکن سندھ کے عوام کو کتے کے کاٹے کی ویکسین تک میسر نہیں ۔ کتے کے کاٹے کے مریض ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مررہے ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سندھ میں صحت کے بجٹ کا بیشتر حصہ وزراء اور کرپٹ مافیا کی عیاشیوں پر خرچ ہوجاتا ہے لیکن غریب عوام کو سرکاری سطح پر علاج کے نام پر سوائے دھکوں کے کچھ نہیں ملتا۔

انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ جسے پیپلزپارٹی کا ہیڈ کوارٹر کہا جاتا ہے وہاں بھی غریب کا بچہ کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ہونے کے باعث ماں کی گود میں دم توڑ گیا لیکن اسے دوا دینے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ، ملیریا کنٹرول پروگرام ، ٹائیفائیڈ کنٹرول پروگرام سمیت دیگر پروگرام چلائے جارہے ہیں لیکن نہ تو ہیپاٹائٹس کی ویکسین دستیاب ہے، نہ مچھر مار اسپرے کرکے عوام کو ملیریا سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے نہ ہی سرکاری ہسپتالوں میں عوام کے علاج کیلئے کوئی موثر بندوبست ہے۔

(جاری ہے)

تھر میں روزانہ بچے غذائی قلت اور علاج کی سہولیات نہ ہونے پر دم توڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت میں جس طرح کرپشن اور لوٹ مار کی جارہی ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے عوام کو علاج کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں