کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے،عباس بلوچ

منگل 22 اکتوبر 2019 23:49

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل و شکایات معلوم کرکے ان کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کیے جائیں اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوئی سستی اور کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد کے دفتر کے احاطے میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد عباسی،اے ایم ڈی واسا سلیم الدین قریشی ، اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد ، مختیارکار قاسم آباد سمیت حیسکو ، پولیس، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، میونسپل کارپوریشن و دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ علاقہ معززین ، منتخب عوامی نمائندوں اورلوگوںکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے مختلف محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور قانون کی روشنی و میرٹ پر ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور درخواست گزاروں کیساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے صفائی ستھرائی، سیوریج کے پانی کی نکاسی، حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ڈیٹکشن بلز ، صحت کے مسائل، تجاوزات ، خستہ حال گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر ، پمپنگ اسٹیشن، دفاتر میں افسران کی غیرحاضری، گیس کے کم پریشر ، قاسم آباد کے کچھ علاقوں میں شیشہ پوائنٹ کی موجودگی ، مچھر مار اسپرے کا نہ ہونا، اشیائے خوردونوش کی قیمت میں اضافہ ودیگر ذاتی نوعیت کی شکایات و درخواستیں وصول کیں ان شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ان مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے اور جلد از جلد اس ضمن میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دیتے ہوئے تمام سائلین کو کہا کہ اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کیلئے ان کے دفتر کے دوازے سب کیلئے کھلے ہیں۔

اس موقع پر سب سے زیادہ شکایات واسا حیسکو اور تجاوزات کیخلاف موصول ہوئی جس پر انہوں نے ان متعلقہ محکموں کے افسران پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل میں دلچسپی لیتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں ،انہوں نے کھلی کچہری سے غیر حاضر افسران کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کیخلاف چیف سیکریٹری کو لکھنے کا بھی عندیہ دیا۔

عوام نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا شکریہ ادا کیا اور کھلی کچہریاں منعقد کرنے کے سندھ حکومت کے اس اقدام کو سراہا۔ کھلی کچہری کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا سلسلہ ڈویژن بھرمیں شروع کیا گیا اور تمام ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈسٹرکٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد نہ صرف سرکاری ملازمین کو ان کے فرائض کا پابند بنانا ہے بلکہ عوام کے ساتھ ان کا رویہ درست کرنا اور عوام کے مسائل و پریشانیوں کا ازالہ کر کے انہیں فوری ریلیف فراہم کرنا بھی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں