گلستان سرمست کے الاٹیز اور حیدرآباد کے اسٹیٹ ایجنٹس کا ایچ ڈی اے کے شعبہ پی اینڈ ڈی سی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

منگل 24 مئی 2022 21:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی طرف سے بھاری رشوت لے کر بھی کئی کئی ماہ تک رہائشی اسکیم گلستان سرمست کے الاٹیز کی فائلیں غائب کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اس سلسلے میں گلستان سرمست کے الاٹیز اور حیدرآباد کے اسٹیٹ ایجنٹس نے ایچ ڈی اے کے شعبہ پی اینڈ ڈی سی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے کہا کہ گلستان سرمست حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ایک شاندار رہائشی اسکیم ہے لیکن بدقسمتی سے اس اسکیم میں پی اینڈ ڈی سی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم صدیقی سمیت دیگر افسران الاٹیز کی فائل ٹرانسفرز اور پی سی بنانے کے لئے فی فائل ہزاروں روپے وصول کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی پی سی اور ٹرانسفر فائلز الاٹیز کو دینے کی بجائے غائب کر دی جاتی ہیں جس کے لئے مذکورہ راشی افسران دوبارہ ہزاروں روپے کی رشوت کا تقاضہ کرتے ہیں، مظاہرین نے کہا کہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے گلستان سرمست میں ہم نے اپنی جمع پونجی لگا دی ہے لیکن سالوں گزرنے کے بعد بھی آج یہ اسکیم ان راشی افسران کے باعث آباد نہیں ہو سکی، گلستان سرمست کے الاٹیز اور انویسٹرز اسٹیٹ ایجنٹس نے سندھ ہائیکورٹ اور سپریم ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی ہے کہ گلستان سرمست میں ہونے والی لوٹ مار اور بدعنوانیوں میں ملوث وسیم صدیقی سمیت دیگر متعلقہ افسران کے خلاف سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے حیدرآباد کے شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں