حویلیاں میں سی پیک روٹ پر ڈرائی پورٹ منصوبے پرکام رواں مالی سال شروع ہوگا

منصوبے کے قابل عمل ہونے کی رپورٹ مکمل، چین مالی و تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر رضامند

بدھ 15 اگست 2018 15:43

حویلیاں میں سی پیک روٹ پر ڈرائی پورٹ منصوبے پرکام رواں مالی سال شروع ہوگا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) خیبرپختونخوا کے علاقے حویلیاں میں چین پاک اقتصادی راہداری کے روٹ پر ڈرائی پورٹ منصوبے پر باضابطہ کام رواں مالی سال کے دوران شروع ہوجائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈرائی پورٹ کے قیام کے لیے منصوبے کے قابل عمل ہونے کی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے، چین نے ڈرائی پورٹ کی تعمیر کیلیے مالی اور تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ پر کنٹینرائزڈ کارگو کی طلب کے تناظر میں حویلیاں ڈرائی پورٹ کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، منصوبے کے تحت ضلع ہری پور میں حویلیاں کے مقام پر بنائی جانیوالی خشگ گودی میں کارگو ہینڈلنگ کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اسے ریلوے سے منسلک کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس وقت حویلیاں تک پاکستان ریلوے کی پٹڑی موجود ہے، یہ مقام خنجراب میں پاک چین سرحد سے تقریباً 680کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس گودی میں بڑی مقدار میں اشیاء سٹاک کرنے کی جدید سہولیات میسر ہوں گی جبکہ درآمدی وبرآمدی مال کی کنٹینروں سے اترائی اور انہیں دوبارہ لادنے کے لیے خصوصی ڈاک ٹرمینلز بنائے جائیں گے۔ابتدائی طور پر حویلیاں ڈرائی پورٹ شاہراہ قراقرم پر خشک گودی اورکارگو ٹرمینل کے طور پر کام کرے گی جس کے بعد اسے ریلوے سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا جن میں ریلوے کارگو کی لوڈنگ اوران لوڈنگ کی سہولت شامل ہو گی۔

ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 40 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور اس کے ذریعے ابتداء میں سالانہ دو ملین ٹن کارگو کی نقل وحمل ممکن ہوسکے گی جس میں بعد میں اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے میں وزارت ریلوے کا کلیدی کردارہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت حویلیاں سے خنجراب تک ریلوے لائن بچھانے کیلئے فزیبلٹی سٹڈی کی مد میں فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں