ایف بی آر نے مقامی مارکیٹوں میں موجود اسمگل شدہ سامان کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیا

منگل 20 اگست 2019 15:33

ایف بی آر نے مقامی مارکیٹوں میں موجود اسمگل شدہ سامان کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) نے مقامی مارکیٹوں میں موجود اسمگل شدہ سامان کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن اور ان لینڈریونیو کے افسران پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

یہ ٹیمیں شاپنگ پلازہ اور مقامی مارکیٹوں میں جا کر درآمدی سامان کی جانچ پڑتال کریں گی۔ ایف بی آر حکام کے مطابق کارروائی کا آغاز یکم ستمبر 2019 سے کیاجائے گا۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دکانوں پر چیکنگ کے دوران دکانداروں سے درآمدی اشیاء کے دستاویزات طلب کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دستاویزات کی عدم دستیابی کی صورت میں دکانداروں کو مناسب وقت دیا جائے گا تاکہ دکاندار اس سلسلے میں جواب دے سکیں تاہم ایف بی آر نے ممبر کسٹمز (آپریشن) اور ممبر (آئی آرآپریشن) کو مشترکہ ٹیموں کی نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ایف بی آر کی انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کے کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کے ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں۔ایف بی آر کے مطابق اسمگلنگ کی وجہ سے قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے جبکہ مقامی انڈسٹری بھی اس سے بری طرح متاثرہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں