پاکستان۔یو ایس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ کا ساتواں اجلاس، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 26 اپریل 2024 15:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کا ساتواں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ پاکستان کے وفد کی قیادت وفاقی سیکرٹری وزارت تجارت محمد صالح احمد فاروقی نے کی جبکہ امریکی وفد کی قیادت امریکہ کے تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) بریندن لنچ نے کی۔

وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران ملاقات کے موقع پر فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں زراعت، ڈیجیٹل تجارت، املاک دانش کے تحفظ اور نفاذ، مزدوروں کے حقوق، اچھے ریگولیٹری طریقوں اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا وعیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی فریق نے امریکا سے پاکستان تک گائے کے گوشت کی منڈی تک رسائی کے حوالے سے تعمیری پیش رفت کا خیرمقدم کیا، جبکہ پاکستان نے اپنے آموں اور تازہ کھجوروں کے لیے منڈی تک رسائی میں امریکی تعاون کو سراہا۔

دونوں ممالک نے باہمی بنیادوں پر اضافی زرعی مصنوعات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے انٹلیکچوئل پراپرٹی (آئی پی) کے تحفظ اور نفاذ کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ امریکا نے انٹلیکچوئل پراپرٹی کے نفاذ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہا۔ دونوں فریقین نے پاکستان کی طویل المدتی اقتصادی ترقی میں خواتین کے کردار کو بلند کرنے کے لیے خواتین کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس سلسلے میں یو ایس ایڈ اور ٹی ڈی اے پی کے درمیان باہمی تعاون کو بے حد سراہا گیا۔ ملاقات کے موقع پر پاکستان نے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی مصنوعات تک مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے لیے امریکی کانگریس کے ذریعے ترجیحات کے عمومی نظام (جی ایس پی) کی جلد از جلد تجدید کے لیے اپنی درخواست کا اعادہ کیا۔ امریکی فریق نے پاکستان کو یقین دلایا کہ درخواست پر مناسب سطح پر غور کیا جائے گا۔ دونوں فریقوں نے اہم دوطرفہ تجارتی امور پر مزید بات چیت جاری رکھنے کے لیے جلد از جلد 10ویں ٹیفا وزارتی کونسل اجلاس منعقد کرنے کے منصوبے پر اتفاق کیا۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں