حکومت کو بدحال معیشت ورثہ میں ملی،

حقیقت قوم کے سامنے رکھیں گے، 70 فیصد لائف لائن صارفین کے لئے گیس کی قیمت میں انتہائی کم اضافہ کیا گیا، عام آدمی کے بجٹ پر اثر نہیں پڑے گا سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کا نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

منگل 18 ستمبر 2018 13:34

حکومت کو بدحال معیشت ورثہ میں ملی،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو بدحال معیشت ورثہ میں ملی ہے۔ قوم سے سچ بولیں گے اور حقیقت اس کے سامنے رکھیں گے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کے بجٹ پر اثر نہیں پڑے گا۔ منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر شیری رحمان کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی اور گیس کے شعبوں میں گردشی قرضے کے مسئلے کے حل پر توجہ نہیں دی گئی اور مہنگی گیس خرید کر سستی فراہم کی جاتی رہی اور ہر معاملے میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی اور اسے لٹکایا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گیس کے صارفین تقریباً 93 لاکھ ہیں۔ لائف لائن صارفین 70 فیصد ہیں جن کے لئے گیس کی قیمت میں انتہائی کم اضافہ کا گیا ہے جبکہ اس سے اوپر کے صارفین کے لئے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 143 فیصد اضافہ کی خبریں درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی تحفظات ہیں، گیس اور بجلی کی قیمت بڑھنے سے پیداواری لاگت بھی بڑھتی ہے جو ہماری معیشت کے لئے اچھی نہیں ہے لیکن ہم نے غریبوں پر بوجھ نہیں ڈالا اور وراثت میں ہمیں ایسی صورتحال ملی ہے جسے ہم نے درست کرنا ہے اور ہم ان مسائل کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ کریں گے جن کی وجہ سے یہ مسائل پیدا ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں