پاکستانی قوم مشکل حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے،

ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے تمام صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر خصوصی اقدامات اٹھانے ہوں گے، بحران پر قابو پانے کے لئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 16 اکتوبر 2018 16:28

پاکستانی قوم مشکل حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے تمام صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر خصوصی اقدامات اٹھانے ہوں گے، ملکی بحران پر قابو پانے کے لئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، پاکستانی قوم مشکل حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی، معاشی و اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے تمام صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر خصوصی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

(جاری ہے)

ملک اس وقت ایک مشکل معاشی دور سے گزر رہا ہے، اس بحران پر قابو پانے کے لئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے کفایت شعاری مہم پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور ثابت قدم قوم ہے وہ مشکل حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔ وفاق اور صوبوں کو قانون سازی کے ذریعے عوامی نوعیت کے اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وفاق صوبوں کو درپیش مسائل کے حل اور صوبوں کومکمل با اختیار بنانے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے مابین رابطوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کو یقین دلایا کہ قانون سازی اور عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ مشتاق غنی نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاق کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک کو بحران سے نکالنا پارلیمان میں موجودہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ملکی مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں