ٹرانسپورٹ و مواصلات کا شعبہ سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے

حکومت اطلاعات نیٹ ورک، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعت، زراعت، سیاحت اور دوسرے شعبوں پر توجہ دے رہی ہے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کا سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 23 اکتوبر 2018 14:20

ٹرانسپورٹ و مواصلات کا شعبہ سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات مخدوم خسروبختیار نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کا شعبہ ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی نوعیت کا کردار ادا کررہاہے، پیداوار میں اضافے کے لیے مؤثراور فعال ٹرانسپور ٹ کا نظام اور جدید بنیادی ڈھانچہ لازم وملزوم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مو جودہ حکومت ملک میں اطلاعات نیٹ ورک، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعت، زراعت، سیاحت اور متعدد دوسرے شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے رہی ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان ترقی کی شاہراہ میں اہم سنگ میل عبور کرلے گا، جب یہ منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے تو ایک بدلتا ہوا پاکستان سامنے آئے گا جہاں کے عوام کو توانائی‘ مواصلات‘ آمد و رفت‘ صنعت و حرفت‘ کاروبا ر‘ روزگار‘ سیاحت اور بے شمار اقتصادی ترقی کی سہولیات اور مواقع میسر آئیں گے اور پاکستان اقوام عالم میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔

(جاری ہے)

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشنز کے منصوبے کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ و مواصلات کے شعبے میں 67953 ملین روپے کی لاگت کا پشاور میٹرو بس کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کا مقصد پشاور کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر کرنا ہے۔ منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں